جرمن چانسلر فریڈرش میرس 25 سے 26 فروری تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔چوبیس فروری کو چینی وزارتِ خارجہ کی یومیہ پریس بریفنگ میں ترجمان ماؤ نِنگ نے اس حوالے سے بتایا کہ منصب سنبھالنے کے بعد میرس کا یہ پہلا دورۂ چین ہوگا۔ دورے کے دوران میرس چین کے صدر شی جن پھنگ سے ملاقات کریں گے، جبکہ وزیرِاعظم لی چھیانگ کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کریں گے۔ چین اس دورے کو ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے جرمنی کے ساتھ باہمی افہام و تفہیم اور اعتماد میں اضافے، دوطرفہ تعلقات کو نئی سطح تک لے جانے اور عالمی امن و خوشحالی کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔
دریں اثنا وزارتِ تجارت کے ترجمان کے مطابق میرس اس دورے میں ایک اعلیٰ سطح اقتصادی و تجارتی وفد کی قیادت کریں گے۔ وفد میں جرمنی کے نمایاں شعبوں، جن میں آٹوموبائل، کیمیکل، حیاتیاتی ادویات سازی، مشینری سازی اور گردشی معیشت شامل ہیں، سے تعلق رکھنے والی تقریباً 30 سرکردہ کمپنیوں کے اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔ یہ امر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ جرمنی دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں سنجیدہ دلچسپی رکھتا ہے۔
ترجمان کے مطابق چین جرمنی کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعاون کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس سمیت مختلف سرگرمیوں کی تیاری جاری ہے، تاکہ عملی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔