21اگست 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن) اس سال کے آغاز سے ہی، چین نے 6جی ٹیکنالوجی اور اس کے صنعتی نظام کو فروغ دینے کی کوششوں میں اضافہ کیا ہے۔
رواں سال مئی میں، وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے IMT-2030 (6جی) پروموشنل گروپ کو 6GHz بینڈ میں 6جی کے لیے تجرباتی فریکوئنسیز استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔جون میں، صوبائی اور وزارتی اداروں کے مابین، 6جی انوویشن کے لیے پائلٹ پراجیکٹس کو ہم آہنگ کرنے کے سلسلے میں تعاون کا آغاز ہوا۔ اگلے مہینے، صوبہ جیانگ سو نے 6جی صنعتی اتحاد تشکیل دیا، جب کہ صوبہ حوبے نے 6جی ترقی کے لیے جدت پر مبنی عملی منصوبے کا آغاز کیا۔
فائیو جی کے بعد 6جی، عالمی موبائل مواصلات کا اگلا مرحلہ ہے۔ تجرباتی فریکوئنسیز کی منظوری، انجینئرز کو حقیقی دنیا کی سیٹنگز میں 6جی ٹیکنالوجیز کی جانچ کرنے کا موقع دیتی ہے۔ یہ عمل ڈرائیونگ سیکھنے جیسا ہے، نظریاتی امتحان میں کامیابی حاصل کرنے اور بند ٹریک پر مشق کرنے کے بعد، آپ آخر کار حقیقی سڑک پر چلنے کے قابل ہوتے ہیں۔ اس طرح، یہ منظوری 6جی کے عملی نفاذ کی طرف ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتی ہے۔

24 جون کو شنگھائی میں منعقدہ، موبائل ورلڈ کانگریس میں 6جی انڈسٹریل ایکوسسٹم کا نمائشی علاقہ۔(وانگ گانگ)
6جی، صارفین کے لیے کب تک دستیاب ہوگا؟
چین، کلیدی ٹیکنالوجی، تکنیکی حل اور سسٹم نیٹ ورکنگ تجربات کے ذریعے 6جی کے تجربات کو تین مراحل میں سرانجام دے رہا ہے۔ اس کے بڑے اہداف میں اہم ٹیکنالوجیز کی سمت متعین کرنا، مخصوص ایپلی کیشنز کے لیے پروٹو ٹائپ تیار کرنا اور پری-کمرشل 6جی آلات کی ترقی شامل ہے۔ اس کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے، دوسرا جاری ہے اور توقع ہے کہ یہ 2030 کے قریب کمرشل ایپلی کیشنز کے لیے دستیاب ہوگا۔
2023 میں چین نے عالمی 6جی سپیکٹرم کی منصوبہ بندی کے لیے ریڈیو فریکوئنسی ایلوکیشن ریگولیشز شائع کیے تھے، یہ منظم طریقہ کار چینی ٹیلی کام کی ترقی میں اہم رہا۔ 2025 میں چین نے، 588,000 فائیو جی بیس سٹیشنز کا اضافہ کیا، جس سے مجموعی تعداد تقریباً 4.84 ملین تک ہوگئی۔ اس وقت چین کے 330 سے زیادہ شہروں میں 5جی کی ایڈوانسڈ سروسز موجود ہیں۔
ایک سوال یہ بھی کیا جاتا ہے کہ کیا 6جی آنے کے بعد، 5جی انفراسٹرکچر متروک ہو جائے گا؟ اس کا جواب ہے کہ، نہیں۔ چین، نیکسٹ جنریشن مواصلات پر مرتکز '6 نیٹ ورکس' بھی قائم کر رہا ہے جو موجودہ نیٹ ورکس کو بھی بہتر بناتا ہے۔

24 جون کو شنگھائی میں منعقدہ، موبائل ورلڈ کانگریس میں 6جی انڈسٹریل ایکوسسٹم کا نمائشی علاقہ۔(وانگ گانگ)
چائنیز اکیڈمی آف انجینئرنگ کے ماہر جانگ پھنگ اور ان کی ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ موجودہ 4 اور 5 جی کنکشنز کے ذریعے 6جی سطح کی مواصلاتی صلاحیت حاصل کرنا ممکن ہے۔ اس کے لیے ماہرین کم فریکوئنسی بینڈز اور نیرو بینڈوڈتھ کے ذریعے 6جی کی کارکردگی کے اہداف تک پہنچنے کے لیے ایک نئی طرز پر تحقیق کر رہے ہیں۔
یہ حکمت عملی چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے میں بیان کردہ ہدایات کے مطابق ہے یعنی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو مناسب اور متوازن طور پر مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ہونا چاہیے، منصوبہ بندی میں بہتر ہم آہنگی، رجائیت پسندانہ لے آوٹ اور سٹرکچر کے بہتر انضمام پر زور دینا چاہیے۔
موبائل مواصلات کی ترقی تکنیکی رکاوٹوں کو بتدریج کم کر سکتی ہے اور ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے میں مدد دے سکتی ہے، جس سے ڈیجیٹل ٹولز کے ساتھ ہم آہنگی میں مشکل محسوس کرنے والے بہت سے افراد کو زیادہ سہولت ملے گی اور وہ ایک بہتر ڈیجیٹل طرز زندگی کو اپنائیں گے۔
6جی ہماری زندگیوں میں کیا تبدیلیاں لائے گا؟
اس حوالے سے کچھ تبدیلیوں کے بارے میں تو ہم پہلے سے اندازہ لگا سکتے ہیں لیکن دیگر کے بارے میں درست پیش گوئی کرنا مشکل ہے۔ تاہم، یہ واضح ہے کہ جب تک تکنیکی ترقی کو رسائی اور مؤثر استعمال کے اصولوں کی رہنمائی حاصل ہے، سمجھ داری کے ساتھ کی گئی منصوبہ بندی اور کامیاب عمل درآمد جدت کی راہ کو مضبوط کریں گے اور ترقی کے امکانات کو بڑھائیں گے۔



