26 اگست کو منعقدہ چینی وزارت خارجہ کی پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ چین کے صدر شی جن پھنگ 30 اگست سے 3 ستمبر تک کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کےسربراہی اجلاس میں شرکت کرنے کے ساتھ ساتھ، کرغزستان کے صدر صادیر جاپاروف اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کی دعوت پر دونوں ممالک کا سرکاری دورہ کریں گے۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے بتایا کہ گزشتہ سال تین مرتبہ ،صدر شی جن پھنگ اور صدر صادیر جاپاروف کی ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد چین-کرغزستان تعاون تیز رفتار ترقی کے ایک "سنہرے دور" میں داخل ہوا۔ اپنے دورے کے دوران صدر شی جن پھنگ صدر جاپاروف کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، اہم شعبوں میں تعاون اور بین الاقوامی و علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے اور مختلف سرکاری سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔
لین جیئن نے کہا کہ عرب اور افریقی ممالک میں مصر، عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والا پہلا ملک ہے۔ صدر شی جن پھنگ دس سال بعد ایک مرتبہ پھر مصر کا دورہ کر رہے ہیں۔ چین اور مصر کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والا یہ دورہ، دونوں ممالک کے تعلقات کی ترقی کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ اپنے دورے کے دوران صدر شی جن پھنگ صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ بات چیت کریں گے اور چین-مصر تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔