26 اگست کی صبح تقریباً ساڑھے 10 بجے، چین کے شی زانگ خود اختیار علاقے کے شہر شیگاتسے کی جی رونگ کاؤنٹی میں نیپالی جانب جی رونگ بندرگاہ کے قریب، مٹی کے تودے گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں چین میں متعدد افراد ہلاک اور لاپتا ہوگئے۔
واقعے کے بعد سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹیری، چینی صدر اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے تاکید کی کہ اس وقت سب سے اہم کام لاپتا افراد کی تلاش، خطرے سے دوچار افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگرانی اور ابتدائی انتباہ کے نظام کو مضبوط بنایا جائے، مؤثر اور سائنسی انداز میں امدادی کارروائیاں کی جائیں اور ثانوی آفات کی روک تھام پر توجہ دی جائے۔ سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے بھی اس حوالے سے اہم ہدایات جاری کیں۔
صدر شی جن پھنگ اور وزیر اعظم لی چھیانگ کی ہدایات کے مطابق، سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور نائب وزیر اعظم جانگ گو چھینگ، متعلقہ محکموں کے حکام کے ہمراہ آفت زدہ علاقے میں امدادی کارروائیوں اور متعلقہ امور کی رہنمائی کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچے۔ اس وقت شی زانگ خود اختیار علاقے میں جائے وقوعہ پر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں۔