
31 اگست کی صبح کرغزستان کے صدر صادیر جاپاروف نے بشکیک کے ہارمنی پیلس میں چین کے صدر شی جن پھنگ سے ملاقات کی۔ہارمنی پیلس پہنچنے پر کرغز صدر جاپاروف اور ان کی اہلیہ آئےگل جاپاروا نے صدر شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ پھنگ لی یوان کا پرتپاک خیر مقدم ۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین، کرغزستان کے ساتھ ترقیاتی حکمتِ عملیوں میں ہم آہنگی بڑھانے، حکمرانی کے تجربات کے تبادلے کو گہرا کرنے اور عملی تعاون کے مزید ایسے نتائج حاصل کرنے کا خواہاں ہے جن کے فوائد دونوں ممالک کے عوام براہِ راست محسوس کر سکیں۔ اس طرح چین۔کرغزستان مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کو مضبوط بنایا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین کرغزستان کے اقتدار اعلی ، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ نیز اپنی قومی صورتحال کے مطابق ترقی کا راستہ اختیار کرنے میں کرغزستان کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے بنیادی مفادات سے متعلقہ امور پر مضبوط باہمی حمایت جاری رکھنی چاہیے۔ چین اور کرغزستان کے درمیان مستقل اچھی ہمسائیگی، دوستی اور تعاون کا معاہدہ دونوں ممالک کی نسل در نسل دوستی اور باہمی حمایت کے لیے اہم قانونی بنیاد فراہم کرے گا۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کو قانون کے نفاذ اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہیے، دہشت گردی، علیحدگی پسندی، انتہا پسندی، منشیات کی اسمگلنگ اور سرحد پار جرائم کے خلاف مشترکہ کارروائی کرنی چاہیے اور علاقائی امن و استحکام کا تحفظ کرنا چاہیے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے بانی رکن ممالک کی حیثیت سے چین اور کرغزستان کو تھیان جن سربراہی اجلاس کے نتائج پر مؤثر عمل درآمد، خطے کی مشترکہ ترقی اور ایس سی او کو ایک نئی سطح تک لے جانے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
صدر جاپاروف نے کہا کہ چین ہمیشہ سے کرغزستان کی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیحات میں شامل رہا ہے اور کرغزستان کا انتہائی قریبی دوست و قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔ کرغزستان ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ کے پیش کردہ چار عالمی انیشی ایٹوز دنیا کو مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور زیادہ منصفانہ اور مستحکم عالمی نظام کی تعمیر میں مدد دیتے ہیں۔
صدر جاپاروف نے کرغز ستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے چین کے شی زانگ خود اختیار علاقے میں جی رونگ کے سرحدی علاقے میں آنے والے سیلابی ریلے سے ہونے والے جانی نقصان پر چین سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
مذاکرات کے بعد دونوں صدور نے چین اور کرغزستان کے درمیان نئے دور کی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی اعلیٰ معیار کی ترقی سے متعلق مشترکہ اعلامیے نیز چین اور کرغزستان کے مستقل اچھی ہمسائیگی، دوستی اور تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں سرمایہ کاری، ٹرانسپورٹ، کسٹمز اور دوستانہ شہروں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی دستاویزات کا تبادلہ بھی کیا گیا۔اس دوران سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم، ثقافتی و عوامی تبادلوں اور میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی 20 سے زائد دستاویزات پر بھی دستخط کیے گئے۔
اسی روز دوپہر ، کرغزستان کے صدر جاپاروف اور ان کی اہلیہ نے ہارمنی پیلس میں چینی صدر شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ پھنگ لی یوان کے اعزاز میں استقبالیہ ضیافت کا اہتمام کیا۔