9 ستمبر کو سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری اور عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پھنگ نے، شمالی کوریا کے قیام کی اٹھترویں سالگرہ کے موقع پر ورکرز پارٹی آف کوریا کے جنرل سیکریٹری اور کمیشن برائے ریاستی امور کے چیئرمین کم جونگ ان کو تہنیتی پیغام ارسال کیا۔
اپنے پیغام میں شی جن پھنگ نے کہا کہ گزشتہ 78 سالوں میں، ورکرز پارٹی آف کوریا کی قیادت میں شمالی کوریا کے عوام نے خود انحصاری پر توجہ دی ہے اور شمالی کوریا میں مختلف سوشلسٹ منصوبوں کی بھرپور ترقی کے لیے مل کر کام کیا ہے۔ خاص طور پر حالیہ برسوں میں کامریڈ جنرل سیکریٹری نے شمالی کوریا کی پارٹی اور عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے اقتصادی و سماجی تعمیر کو فروغ دیا اور ترقی کی راہ میں سلسلہ وار کامیابیاں حاصل کی ہیں،جس پر چین کو دلی مسرت ہے۔ شی جن پھنگ نے یقین ظاہر کیا کہ برادر ملک شمالی کوریا کے عوام، ورکرز پارٹی آف کوریا کی نویں کانگریس میں طے شدہ مقاصد اور متعین کردہ امور کو ضرور پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے نیز پارٹی اور ملک کی تعمیر کے لیے مسلسل نئے امکانات پیدا کریں گے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور شمالی کوریا سوشلسٹ دوست ہمسایہ ممالک ہیں جو ایک دوسرے کی مدد اور مشترکہ مستقبل کا اشتراک کرتے ہیں۔ چین-شمالی کوریا تعلقات کو برقرار رکھنا، انہیں مضبوط کرنا اور ترقی دینا ہمیشہ سے چین کی پارٹی اور حکومت کی مضبوط پالیسی رہی ہے۔ چینی صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ رواں سال جون میں، انہوں نے شمالی کوریا کا سرکاری دورہ کیا تھا اور اور چیئرمین کم جونگ ان سے دوبارہ ملاقات کی، جس سے دونوں پارٹیز اور ممالک کے درمیان تعلقات کی ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ہوا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیز اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کی رہنمائی کو مضبوط بنانے، اپنی اپنی پارٹی اور ملک کی ترقی کے مشترکہ فروغ ، دونوں جانب کے لوگوں کی فلاح و دوستی کو بڑھانے اور خطے بلکہ دنیا میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں زیادہ سے زیادہ تعاون کرنے کے لیے وہ کامریڈ جنرل سیکریٹری کے ساتھ مل کرکام کرنے کے خواہاں ہیں۔