10 ستمبر کو دن تقریباً 11 بج کر 15 منٹ پر چین کے صوبےشان دونگ کے شہر چھنگ داؤ کی بندرگاہ پر ایک جہاز ساز کمپنی میں ایک غیر ملکی مال بردار بحری جہاز میں مرمت کے دوران آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔
حادثے کے بعد کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، صدرِ مملکت اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لاپتا افراد کی تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے، متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے لیے مناسب امدادی و انتظامی اقدامات کیے جائیں اور جلد از جلد حادثے کی وجوہات معلوم کرکے ذمہ دار افراد کا قانون کے مطابق سخت احتساب کیا جائے۔
شی جن پھنگ نے تاکید کی کہ تمام علاقوں اور متعلقہ محکموں کو اس حادثے سے سبق حاصل کرتے ہوئے آتشزدگی کے مختلف نوعیت کے خطرات کی جامع جانچ اور تدارک کرنا چاہیے، حفاظتی اقدامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے، بڑے اور سنگین حادثات کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدام کرنا چاہیے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے۔
سی پی سی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے بھی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پھنسے ہوئے افراد کی تلاش اور بچاؤ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، زخمیوں کے علاج کے لیے بھرپور کوشش کی جائے، حادثے کے بعد کے تمام معاملات مناسب طور پر نمٹائے جائیں اور ثانوی آفات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔