16 ستمبر کو شائع ہونے والے "چھیوشی" میگزین کے 18ویں شمارے میں سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، چینی صدراور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین ،شی جن پھنگ کا بنیادی تحقیق کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم مضمون شائع ہوا۔
مضمون میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ بنیادی تحقیق پورے سائنسی نظام کا ماخذ ہے۔ دنیا میں سائنس و ٹیکنالوجی کی طاقت بننے کے لیے اعلیٰ معیار کی بنیادی تحقیق کو فروغ دینا ضروری ہے۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں دنیا کے معروف ممالک کے مقابلے میں، چین کی بنیادی تحقیق کے معیار میں ابھی بھی خلا موجود ہے۔ ہمیں کوششوں اور مزید ٹھوس اقدامات کے ذریعے بنیادی تحقیق کو مضبوط کرنا چاہیے تاکہ ملک کی حقیقی اختراعی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے،سائنس و ٹیکنالوجی پر مبنی ایک طاقتور ملک کی تعمیری بنیاد کو مزید مضبوط بنایا جائے اور اعلیٰ سطحی سائنسی و تکنیکی خود انحصاری کے عمل کو تیزتر کیا جائے۔ مضمون میں کہا گیا ہے کہ بنیادی تحقیق کے نظام کی ترتیب کو بہتر بنانا، بنیادی تحقیق کے لیے باصلاحیت افراد کی تعداد میں اضافہ کرنا، بنیادی تحقیق کے لیے معاونت و یقین دہانی کو مضبوط کرنا اور بنیادی تحقیق میں بین الاقوامی تعاون کو وسعت دینا ضروری ہے۔