• صفحہ اول>>سیاست

    لی چھیانگ سے ویتنام کی قومی اسمبلی کے چیئرمین تران تھانہ من کی ملاقات

    (CRI)2026-10-13

    12 اکتوبر کی سہ پہر چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ویتنام کی قومی اسمبلی کے چیئرمین تران تھانہ من سے ملاقات کی۔

    لی چھیانگ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور چینی صدر شی جن پھنگ اور ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی کے جنرل سیکرٹری اور صدر تو لام کی تزویراتی رہنمائی میں چین اور ویتنام کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر مزید گہری اور عملی شکل اختیار کر رہی ہے۔ رواں سال اپریل میں دونوں پارٹیوں اور ممالک کی اعلیٰ قیادت نے بیجنگ میں ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے لائحۂ عمل طے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور ویتنام روایتی دوستی کو برقرار رکھنے، اتحاد اور باہمی اعتماد کو مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہیں، تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو مزید فوائد پہنچائے جا سکیں اور خطے سمیت دنیا میں استحکام و خوشحالی کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کیا جا سکے۔

    ویتنام کی قومی اسمبلی کے چیئرمین تران تھانہ من نے کہا کہ پیچیدہ عالمی حالات کے باوجود چین نے اقتصادی اور سماجی ترقی میں نئی اور نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ چین کی اقتصادی ترقی کی رفتار دنیا کی بڑی معیشتوں میں سرِ فہرست ہے، جبکہ سائنسی و تکنیکی جدت کے شعبے میں بھی اس نے اہم پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے ان کامیابیوں پر ویتنام کی جانب سے چین کو دلی مبارک باد پیش کی۔تران تھانہ من نے کہا کہ ویتنام اپنی خارجہ پالیسی میں چین کو ہمیشہ اولین ترجیح اور تزویراتی انتخاب قرار دیتا ہے اور ایک چین کے اصول پر ثابت قدمی سے عمل کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویتنام دونوں پارٹیوں اور ممالک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے کے مطابق چین کے ساتھ ہر سطح پر تبادلوں کو مزید مضبوط بنائے گا، سیاسی باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کو فروغ دے گا، جبکہ اقتصادی و تجارتی سرمایہ کاری، باہمی رابطوں، مصنوعی ذہانت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو آگے بڑھائے گا۔ اس کے علاوہ عوامی و ثقافتی تبادلوں اور کثیرالجہتی تعاون کو بھی مزید گہرا کیا جائے گا۔

    دریں اثنا، چین کی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین چاؤ لہ جی نے بھی 12 اکتوبر کو بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں تران تھانہ من سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ طور پر چین اور ویتنام کے قانون ساز اداروں کی مشترکہ کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت بھی کی۔

    زبان