• صفحہ اول>>سیاست

    شی جن پھنگ سے ٹوگو کی کونسل آف منسٹرز کے صدر کی ملاقات

    (CRI)2026-10-14

    13 اکتوبر کو بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے صدر شی جن پھنگ نے چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے ٹوگو کی کونسل آف منسٹرز کے صدر، فور گاسنگ بے سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے نئے دور میں دوطرفہ تعلقات کو، چین- ٹوگو مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی سطح تک بڑھانے کا اعلان کیا۔

    شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور ٹوگو کے درمیان دوستانہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹوگو، چین کی جانب سے زیرو ٹیرف اور چینی مارکیٹ میں مصنوعات کی درآمد کے لیے فراہم کردہ خصوصی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائے، تاکہ ٹوگو سمیت خطے کی مزید منفرد مصنوعات چینی مارکیٹ تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چین، صنعتی ترقی کے عمل میں ٹوگو کی معاونت کے لیے تیار ہے۔شی جن پھنگ نے افریقا کے حساس اور تنازعات سے متاثرہ علاقوں کے مسائل کے حل میں مختلف فریقوں کی تعمیری شرکت کے حوالے سے چار اصول بھی پیش کیے۔ اول، علاقائی امور میں افریقی ممالک کو مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے۔ دوم، تمام متعلقہ فریقوں کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصول و مقاصد کو ملحوظ رکھتے ہوئے متعلقہ ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنا چاہیے۔ سوم، اختلافات ختم کر کے امن کو فروغ دیا جائے، جنگ اور یک طرفہ پابندیاں ممالک کے درمیان اختلافات کا حقیقی حل نہیں ہیں۔ وسیع مشاورت کی جائے اور اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر مشترکہ موقف تلاش کیے جائیں۔ چہارم، سلامتی و تحفظ کے موجودہ مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ طویل مدتی ترقی کی منصوبہ بندی بھی ضروری ہے۔

    فور گاسنگ بے نے کہا کہ ٹوگو، چین کے ساتھ قریبی، پائیدار اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو فروغ دینے نیز نئے دور میں چین-ٹوگو مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کے قیام کے لیےتیار ہے۔ انہوں نے چینی کمپنیز کی جانب سے ٹوگو میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے کا خیرمقدم کیا۔ فور گاسنگ بے نے افریقا کے تنازعات کے حل سے متعلق صدر شی جن پھنگ کے پیش کردہ اصولوں سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ٹوگو، چین کے ساتھ مل کر کثیرجہتی نظام کے دفاع اور ترقی پذیر ممالک کے مفادات کے تحفظ کے لیے کام کرنے کا خواہاں ہے۔

    زبان