
13 اکتوبر کو بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں، چینی صدر شی جن پھنگ نے بوٹسوانا کے صدر دوما گیدئیون بوکو کے ساتھ ملاقات کی۔ دونوں سربراہان مملکت نے دو طرفہ تعلقات کو ایک جامع اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری میں اپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین، بوٹسوانا کے اپنے قومی حالات کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن رہنے کی حمایت کرتا ہے اور بوٹسوانا کے ساتھ ڈیجیٹل معیشت، زراعت، مویشیوں کی پرورش اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے اور سمارٹ ایجوکیشن پراجیکٹ کرنے کے لیے تیار ہے۔ چین-بوٹسوانا اور چین-افریقا کان کنی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے شی جن پھنگ نے کہا کہ افریقا کے وسائل کا مالک افریقا ہے اور یہی تعاون کی بنیاد ہے۔ چین اپنے تجربات بانٹنے اور افریقی ممالک کی قومی حالات کے مطابق کان کنی کی ترقیاتی منصوبہ بندی میں مدد دینے نیز افریقا کے حالات کے مطابق گرین ٹیکنالوجیز منتقل کرنے کے لیے چینی کمپنیز کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ چین، چین-افریقا کان کنی تعاون کو جاری رکھے گا تاکہ ویلیو چین کو ترقی دی جا سکے نیز سستے، پائیداراور جدید فنانسنگ ماڈلز کو تلاش کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ افریقا کے وسائل جیو پولیٹیکل مقابلے کا ذریعہ نہیں بننے چاہئیں۔ چین، افریقا کی ترقی میں تمام فریقین کی حقیقی شراکت کا خیر مقدم کرتا ہے اور سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول تشکیل دینے میں افریقا کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
صدر دوما گیدئیون بوکو نے کہا کہ بوٹسوانا، چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے اور بوٹسوانا میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے کے لیے مزید چینی کاروباری اداروں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوٹسوانا ترقی پذیر ممالک کے اتحاد کو مضبوط بنانے اور چین-افریقا یکجہتی و تعاون کو فروغ دینے کے لیے چین کے ساتھ قریبی تعاون کرنے کا خواہاں ہے۔
دونوں سربراہان مملکت نے گلوبل سکیورٹی انیشی ایٹو کے نفاذ، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی مشترکہ تعمیر، سبز کان کنی، صحت عامہ اور انسانی وسائل سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخطوں کا مشترکہ طور پر مشاہدہ کیا۔ دونوں فریقوں نے عوامی جمہوریہ چین اور جمہوریہ بوٹسوانا کے درمیان جامع سٹریٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے قیام کے بارے میں مشترکہ بیان بھی جاری کیا۔
اسی شام،صدر شی جن پھنگ اور ان کی اہلیہ پھنگ لی یوان نے عظیم عوامی ہال میں صدربوکو اور ان کی اہلیہ کےاعزاز میں ایک استقبالیہ ضیافت کا بھی اہتمام کیا۔
