• صفحہ اول>>سیاست

    شی جن پھنگ اور جمہوریہ گبون کے صدر کی ملاقات

    (CRI)2026-11-09

    چھ نومبر کو بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ، چین کے صدر شی جن پھنگ نے چین کے سرکاری دورے پرآئے ہوئے جمہوریہ گبون کے صدر بریس کلوتیر اولیگی گیما کے ساتھ ملاقات کی ۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئے دور میں چین- گبون مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی سطح تک بڑھانے کا اعلان کیا۔

    شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور گبون کے درمیان روایتی دوستی کی ایک طویل تاریخ ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات ،بین الاقوامی تبدیلیوں کی آزمائشوں پر پورے اتر ے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چین ، گبون کی آزاد انہ ترقی میں اس کا قابل اعتماد دوست اور شراکت دار بننے، گبون کی سیاسی، اقتصادی اور سفارتی خودمختاری کی حمایت کرنے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کے قیام کے لیے گبون کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ ان کی جانب سے پیش کردہ ، بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کا تصور اورچار گلوبل انیشی ایٹوز، سب افریقی ممالک اور گلوبل ساؤتھ ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہیں۔ صدر شی نے کہا کہ چین، بین الاقوامی اور علاقائی معاملات میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرنے کے لیے گبون کی حمایت کرتا ہے۔

    صدر بریس کلوتیر اولیگی گیما نے کہا کہ گبون, ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے عمل پیرا رہے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ گبون ، چین کے ساتھ عملی تعاون کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے، کثیرجہتی کے لیے چین کی حمایت کو سراہتا ہے اورچین کے ساتھ مل کر چین-افریقا یکجہتی و تعاون کو مضبوط بنانے نیز گلوبل ساؤتھ ممالک کے مفادات کا مشترکہ تحفظ کرنے کے لیے تیار ہے۔

    بات چیت کے بعد، دونوں سربراہان مملکت نے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے نفاذ، ، زیرو ٹیرف، سپلائی چین اور چینی زبان کی تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔ گبون کے صدرکے دورہ چین کے دوران، دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے درمیان نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل کے لیے مشترکہ بیان جاری کیا۔ اسی شام، شی جن پھنگ نے عظیم عوامی ہال میں صدر بریس کلوتیر اولیگی گیما کے اعزاز میں استقبالیہ ضیافت کا اہتمام بھی کیا۔

    زبان