
16 نومبر کو ،کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، چین کے صدر مملکت اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین، شی جن پھنگ نے صوبہ گوانگ دونگ کے شہر جونگ شان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تاکید کی کہ دریائے جو جیانگ (پرل ریور)کے دہانے کے مشرقی اور مغربی کناروں کی مربوط ترقی کو مزید آگے بڑھایا جائے اور گوانگ دونگ، چین کے خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ اور مکاؤ گریٹر بے ایریا کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے نئے امکانات پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے۔
شی جن پھنگ نے شین زن ،جونگ شان اور گوانگ جو کو ملانے والے شین زن-جونگ شان لنک کے مصنوعی جزیرے کا بھی دورہ کیا ، جہاں انہوں نے اس سمندر پار گزرگاہ کی تعمیر اور آپریشن کی صورتحال کا براہِ راست جائزہ لیا۔ اس کے بعد انہوں نے جونگ شان کی تسوئی ہنگ نیو ڈسٹرکٹ میں واقع دی فیوچر ٹیکنالوجی سینٹر آف دی بے ایریاکا دورہ کیا، جہاں انہیں روایتی صنعتوں کی تبدیلی و اپ گریڈیشن اور نئی صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
بعد ازاں شی جن پھنگ نے جونگ شان شہر میں سن یات سین کی سابق رہائش گاہ کے یادگاری میوزیم کا دورہ کیا۔ انہوں نے سن یات سین کے مجسمے پر پھولوں کی ٹوکری پیش کی، میوزیم کا دورہ کیا اور ان کی سابق رہائش گاہ کے تحفظ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر شی جن پھنگ نے کہا کہ نئے سفر میں، سن یات سین کے گراں قدر جذبے کی پیروی ، اسے آگے بڑھانے اور فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کے اندر اور بیرونِ ملک مقیم تمام چینی شہریوں کو اتحاد اور جدوجہد کی ترغیب ملے اور عظیم ملک کی تعمیر اور چینی جدیدیت کے ذریعے قومی نشاۃِ ثانیہ کو آگے بڑھایا جا سکے۔