• صفحہ اول>>سیاست

    شی جن پھنگ کا فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے یادگاری اجلاس کے نام تہنیتی پیغام

    (CRI)2026-11-24

    23 نومبر کو، اقوامِ متحدہ نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر یادگاری اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر چینی صدر شی جن پھنگ نے تہنیتی پیغام بھیجا۔

    صدر شی جن پھنگ نے اپنے پیغام میں نشاندہی کی کہ فلسطین کا مسئلہ مشرقِ وسطیٰ کے مسائل کا مرکز ہے۔ خطے میں موجودہ کشیدگی کے باعث بین الاقوامی برادری کی توجہ فلسطین کے مسئلے سے نہیں ہٹنی چاہیے۔ فلسطین کے مسئلے کے حل کی کلید "دو ریاستی حل" کی درست سمت پر قائم رہنا اور فلسطین اسرائیل مذاکرات کی بحالی ہے۔ مغربی کنارے کے انتظام اور غزہ کی جنگ کے بعد تعمیرِ نو میں "فلسطینی گورننس" کے اصول پر عمل کرنا چاہیے اور فلسطینی عوام کی زمین پر قبضے اور ان کے حقوق کی پامالی کی مخالفت کی جانی چاہیے۔ عالمی برادری کو فلسطین کی حمایت میں اپنے اتفاقِ رائے اور وعدوں کو عملی اقدامات میں بدلنا چاہیے، غزہ میں پائیدار جنگ بندی کے لیے کوششیں تیز کرنی چاہئیں اور عام شہریوں کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔

    صدر شی جن پھنگ نے زور دیا کہ چین فلسطینی عوام کے جائز قومی حقوق کی بحالی کی منصفانہ جدوجہد کی ہمیشہ مضبوط حمایت کرتا رہا ہے اور بین الاقوامی برادری کے تمام امن پسند اور انصاف کے حامی ممالک کے ساتھ مل کر فلسطین کے مسئلے کے جلد از جلد جامع، منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے عملی کوششیں جاری رکھے گا، مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن و استحکام کو فروغ دے گا اور عالمی امن، استحکام اور ترقی و خوشحالی کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

    زبان