• صفحہ اول>>چین پاکستان

    چین کے تعاون سے پاکستان  کے ریموٹ سینسنگ  سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2025-07-31
    چین کے تعاون سے پاکستان  کے ریموٹ سینسنگ  سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ

    31 جولائی2025 (پیپلز ڈیلی آن لائن)31 جولائی کو پاکستان کی وزارتٰ امورِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، خلائی تحقیق اور تکنیکی ترقی کے ایک اور اہم سنگ میل کو عبور کرتے ہوئے ، پاکستان نے 31 جولائی کو چین کے شی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے اپنے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کو کامیابی کے ساتھ لانچ کیا ہے۔

    یہ سیٹلائٹ ، چوبیس گھنٹے کی اعلی و معیاری تصاویر فراہم کرے گا جس سے پاکستان کی شہری منصوبہ بندی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، قدرتی آفات کے انتظام و تخفیف ، زراعت کی نگرانی، خوراک کےتحفظ، ماحولیاتی تحفظ، جنگلات کی کٹائی کی نگرانی، موسمیاتی تبدیلی کے تجزیے اور پانی کے وسائل کی انتظامی صلاحیتیں مضبوط ہوں گی۔

    پاکستان کی قومی خلائی ایجنسی سپارکو نے یہ سیٹلائٹ ،چائنا الیکٹرانکس ٹیکنالوجی گروپ کارپوریشن (CETC) اور مائیکرو سیٹ چائنا کے تعاون سے لانچ کیا ہے ۔ یہ زمین کی نگرانی کے ایک مربوط نظام کے لیے سنگ بنیاد ہے جو ملک بھر میں پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت فراہم کرنے اورمعیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے تیار ہے۔

    اس کامیابی کے ساتھ، پاکستان نے خلا کا سفر کرنے والے ممالک کی کمیونٹی میں جدت کو استعمال کرتے ہوئے ایک محفوظ، پائیدار، اور خوشحال مستقبل کی تلاش میں اپنی حیثیت کی توثیق کی ہے۔

    نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سپارکو پاکستان ، چائنا الیکٹرانکس ٹیکنالوجی گروپ کارپوریشن اور مائیکرو سیٹ چائناکے انجینئرز، سائنسدانوں اور تکنیکی ٹیمز کی ان تھک محنت اور ان کے عزم کی تعریف کی۔

    ویڈیوز

    زبان