20 مئی 2026(پیپلز ڈیلی آن لائن)18 مئی کو ، پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کی جناح یونیورسٹی میں ، فودان یونیورسٹی کی تیار کردہ دستاویزی فلم "مینگ یوے جاؤ تھا شیانگ" (The Moon Is Yours) نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ یہ پاکستان میں اس فلم کی پہلی اور بیرون ملک چوتھی نمائش تھی۔ یونیورسٹی کے 100 سے زائد طلبا نے اس فلم کو دیکھا ۔ طلبا فلم سے بے حد متاثر ہوئے اور انہوں نے فودان یونیورسٹی سمیت دیگر چینی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

پاکستانی طلبا کی فلم دیکھنے میں محو ہیں ۔ (پیپلز ڈیلی آن لائن / جاؤ یی پھو )
یہ دستاویزی فلم ، روس، کرویشیا، زمبابوے، اٹلی، تھائی لینڈ اور امریکا سے تعلق رکھنے والے 6 غیر ملکی طلبا کے فودان یونیورسٹی میں دوران تعلیم پیش آنے والے حقیقی واقعات پر مبنی ہے۔ فودان یونیورسٹی کے سکول آف جرنلزم کی ڈپٹی پارٹی سیکریٹری شیا تھیان یی کے مطابق، شنگھائی میونسپل گورنمنٹ کے انفارمیشن آفس کی رہنمائی میں اس فلم کی تیاری میں تین سال لگے، جس کی شوٹنگ اور پوسٹ پروڈکشن میں فودان یونیورسٹی کے 100 سے زائد طلبا نے حصہ لیا۔ 2025 میں، اس فلم نے چوتھی چائنیز لینگویج ڈاکیومنٹری فلم کانفرنس میں بین الاقوامی نشریات کے زمرے میں "گولڈن سیگل" ایوارڈ جیتا اور اسے دیگر ایوارڈ یافتہ کاموں کے ساتھ نیشنل امیج کلیکشن پروجیکٹ میں مستقل طور پر محفوظ کر لیا گیا ہے۔

فودان یونیورسٹی کے سکول آف جرنلزم کی ڈپٹی پارٹی سیکریٹری شیا تھیان یی نمائش سے قبل فلم کا تعارف کرواتے ہوئے۔ (پیپلز ڈیلی آن لائن / جاؤ یی پھو )
جناح یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی کی فرسٹ ایئر ماسٹرز کی طالبہ، طیبہ نے فلم دیکھنے کے بعد کہا کہ یہ شاندار دستاویزی فلم فودان یونیورسٹی میں غیر ملکی طلباء کی تعلیم اور زندگی کی حقیقی عکاسی کرتی ہے، جس نے پاکستانی طلبا میں چین جا کر تعلیم حاصل کرنے کا شوق پیدا کیا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ فودان یونیورسٹی ،چین کی مشہور ترین اور بین الاقوامی سطح کی اعلیٰ تعلیمی درسگاہوں میں سے ایک ہے، زیادہ سے زیادہ پاکستانی طلبا چین میں تعلیم حاصل کرنے اور نوجوانوں کی طاقت سے پاک- چین تعاون میں اپنا کردار ادا کرنے کے خواہشمند ہیں۔

فلم کی نمائش کے بعد پاکستانی طلبا اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں ۔ (پیپلز ڈیلی آن لائن / جاؤ یی پھو )
جناح یونیورسٹی کے سکول آف پولیٹکس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کے لیکچرر سلمان علی بھٹانی نے تقریب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فودان یونیورسٹی کی یہ دستاویزی فلم "چین میں تعلیم" کی شاندار کہانی بیان کرتی ہے۔ پاکستان میں اس کی پہلی نمائش کے شاندار نتائج ملے ہیں اور پاک- چین ثقافتی وتعلیمی تعاون کو فروغ ملا ہے۔ مستقبل میں یہ دستاویزی فلم پاکستان کی دیگر جامعات ،مثلاً نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST)، نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز (FAST)، اور بیکن ہاؤس یونیورسٹی میں بھی دکھائی جائے گی۔

جناح یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبا کا فودان یونیورسٹی کے وفد کے ساتھ گروپ فوٹو۔(پیپلز ڈیلی آن لائن / جاؤ یی پھو )



