14جولائی 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن)جنوب مغربی چین کے صوبے یوننان اور سچوان میں پھیلا ہوا میگا پراجیکٹ، بائی حہ تھان ہائیڈرو پاور سٹیشن، عالمی ہائیڈرو پاور انڈسٹری کا "کوہِ چو مو لانگ ما" کہلاتا ہے۔ پانچ سال پہلے اس کے پہلے جنریٹنگ یونٹس کو گرڈ سے منسلک کیا گیا تھا اور تب سے یہ ہائیڈرو پاور سٹیشن نہ صرف ملک بھر میں لاکھوں گھروں کو بجلی فراہم کر رہا ہے بلکہ اس نے پہاڑی کاونٹی چھیاو جیا کی حالت کو بھی یکسر بدل دیا ہے۔
بائی حہ تھان کی مجموعی تنصیبی صلاحیت 16 ملین کلو واٹ ہے، اور یہ دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ہائیڈرو پاور سٹیشن ہے۔ اس میں 16 ہائیڈرو جنریٹنگ یونٹس ہیں، جن میں سے ہر ایک کی صلاحیت 1 ملین کلو واٹ ہے، جو دنیا میں سب سے بڑی سنگل یونٹ صلاحیت ہے۔

بائی حہ تھان ہائیڈرو پاور سٹیشن کا فضائی منظر ( یوئے شی شیان)
ایک مکمل دن کی بھرپور پیداوار سے اتنی بجلی پیدا ہوتی ہے جو تقریباً 150 ملین لوگوں کی یومیہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہے۔ مسلسل 1,800 دن سے بالکل محفوظ طریقے سے کام کر تے ہوئے اس نے مجموعی طور پر 250 بلین کلو واٹ گھنٹے بجلی پیدا کی ہے۔ دو، الٹرا ہائی وولٹیج ڈائریکٹ کرنٹ لائنز توانائی کو 2,000 کلومیٹر سے زیادہ دور، دریائے یانگسی کے ڈیلٹا تک صرف سات ملی سیکنڈز میں منتقل کرتی ہیں، جس سے مشرقی چین کو سالانہ 60 بلین کلو واٹ گھنٹے سے زیادہ بجلی فراہم ہوتی ہے۔
دنیا کے سب سے بڑے کلین انرجی کوریڈور میں بائی حہ تھان ہائیڈرو پاور سٹیشن "دھرے کی کیل " کا کردار ادا کر رہا ہے، جس میں دریائے یانگسی کے مرکزی دھارے کے ساتھ واقع وو دونگ دے، شی لوودو، شیانگ جیا با ، تھری گورجز اور گہ جو با ڈیم شامل ہیں۔

بائی حہ تھان ہائیڈرو پاور سٹیشن (پیپلز ڈیلی آن لائن۔ لیو رین نینگ)
اس سٹیشن سے سالانہ تقریباً 19.68 ملین ٹن معیاری کوئلے کی بچت ہوئی ہے اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں تقریباً 51.6 ملین ٹن کی کمی ہوئی ہے۔گزشتہ پانچ سالوں میں، اس منصوبےسے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں 200 ملین ٹن سے زیادہ کی کمی ہوئی ہے، جس سے دریائے یانگسی ڈیلٹا کی سبز صنعتی تبدیلی اور چین کی کاربن میں کمی کی کوششوں کو تقویت ملی ہے۔
ژاؤ ٹونگ شہر کی چھیاو جیا کاؤنٹی، جہاں بائی حہ تھان ہائیڈرو پاور سٹیشن قائم کیا گیا ہے ماضی میں سب سے الگ تھلگ ایک دور افتادہ کاونٹی تھی جس کا تعمیر شدہ علاقہ 4 مربع کلومیٹر سے بھی کم تھا جو کہ اب 7.96 مربع کلومیٹر تک پہنچ گیا ہے اور اس کی شہری آبادی تقریباً دوگنا ہو کر 93,900 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ کاؤنٹی کی پہلی ایکسپریس وے سمیت متعدد نئی سڑکیں، ایک ویٹ لینڈ پارک اور دیگر عوامی سہولیات بھی تعمیر کی گئی ہیں۔

جنوب مغربی چین کے صوبے یوننان کی چھیاو جیا کاؤنٹی میں بائی حہ تھان ہائیڈرو پاور سٹیشن کی تعمیر کے بعد، جھیل کنارے آباد کیا گیا علاقہ۔ (تصویر انٹرویو دینے والے کی جانب سے فراہم کردہ)
چھیاو جیا نے، ذخیرہ آب کے، 35,000 مو (تقریباً 2,333 ہیکٹر) کے علاقے میں ماحولیاتی بحالی مکمل کر لی ہے اور گندے پانی کو صاف کرنے کے 23 پلانٹس قائم کیے ہیں، جس سے ذخیرہِ آب کا معیار مستقل طور پر گریڈ II یا اس سے اوپر برقرار رکھا گیا ہےاورتعمیل کی شرح 100 فیصد ہے۔ اب تک نایاب مچھلی کے تقریباً 1.43 ملین بچے دریائے جنشا میں چھوڑے جا چکے ہیں۔ ان اقدامات نے بالائی دریائے یانگسی کے ساتھ ایک اہم ماحولیاتی ڈھال کے طور پر اس علاقے کے کردار کو مضبوط کرنے میں مدد کی ہے۔
بائی حہ تھان ہائیڈرو پاور سٹیشن کی تعمیر کے بعد سے چھیاو جیا ، موسمِ سرما میں جنوب مغربی چین کا ایک مشہور تفریحی مقام بن گیا ہے، جہاں ہر سال تفریحی سرگرمیوں کے لیے 7,000 سے زیادہ گاڑیاں اور ہیلتھ ٹورازم کے لیے 15,000 سے زیادہ سیاح آتے ہیں۔

دریائے جنشا کے قریب، نیلی دم والے مکھی خور پرندے اپنے گھونسلے بنا رہے ہیں۔ (تصویر۔ شیا وبین ین)
سال 2025 میں، چھیاو جیا کاؤنٹی میں تقریباً 5.46 ملین سیاحتی ٹرپس ہوئے اور 4.05 بلین یوان (تقریباً 597 ملین ڈالر) کی سیاحتی آمدن ہوئی ۔یہ پچھلے سال کے مقابلے میں بالترتیب 7.24 فیصد اور 7.68 فیصد کا اضافہ ہے، جو کہ ماحولیاتی تحفظ اور سیاحت کو یکجا کرتے ہوئے ایک نئے ترقیاتی راستے کی نشاندہی کرتا ہے۔
اس ہائیڈرو پراجیکٹ کی وجہ سے بے گھر ہونے والے 50,000 سے زائد رہائشیوں کو دریا کنارے تعمیر کی گئی رہائش گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں قریب میں اسکول، کلینک اور بازار موجود ہیں۔ چھیاو جیا نے دوبارہ سے آباد کرنے کے عمل کی معاونت کے لیے 280 ملین یوان کی سرمایہ کاری کی ہے، 22 صنعتی منصوبے شروع کیے ہیں اور 1,910 عوامی فلاحی ملازمتیں پیدا کی ہیں، ساتھ ہی اہداف پر مبنی پیشہ ورانہ تربیت بھی فراہم کی ہے، جس کی بدولت دوبارہ آباد ہونے والے مزدوروں کی ملازمت کی شرح 90.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

چین کے صوبے یوننان کے چھیاو جیا کاؤنٹی میں آباد کیے گئے علاقے ٹیان شینگ لیانگ زی میں خواتین ایک فیکٹری میں ہار تیار کر رہی ہیں۔ (پیپلز ڈیلی آن لائن/لیو رین نینگ)
ٹیان شینگ لیانگ زی میں، ڈونگ گوان کی ایک ہار کی فیکٹری اب 300 سے زیادہ لوگوں کو ملازمت فراہم کر رہی ہے، جن میں سے ایک تہائی آبادکاری کے لیے منتقل ہونے والے لوگ ہیں، جو اس علاقےمیں بجلی کی مستحکم فراہمی اور دستیاب افرادی قوت کی وجہ سے یہاں آئے ہیں۔
اس علاقے میں خصوصی صنعتیں اپنی جڑیں مضبوط کر چکی ہیں۔
اس سال چھیاو جیا میں 14,000 مو پر گنے کی فصل کاشت کی گئی ہے، جس کی متوقع سالانہ پیداوار 10,000 ٹن اور مجموعی پیداوار ی مالیت تقریباً 400 ملین یوان ہے۔ اس فصل میں تین ٹاون شپس کے 1,200 سے زیادہ زرعی گھرانے شامل ہیں، جن میں سے تقریباً 40 فیصد مہاجر آبادکار ہیں۔ کاؤنٹی کی بھوری شکر کو بھی قومی سطح پر جغرافیائی اشاریے کی پیداوار کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔
چھیاو جیا کاؤنٹی نے 44,400 مو پر آم، لوکاٹ اور گرم آب و ہوا میں پلنے والے دیگر پھلوں کے باغات بھی تیار کیے ہیں، جن کی مجموعی پیداواری مالیت 100 ملین یوان سے تجاوز کر چکی ہے۔

چھیاو جیا کاؤنٹی کی مخصوص بھوری شکر سے تیار کردہ مختلف اقسام کی اشیا۔(پیپلز ڈیلی آن لائن/لیو رین نینگ)



