18 اگست 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن) 17 اگست کو ، اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کے زیر اہتمام ، چین کے سابق صدر جیانگ زہ من کے صد سالہ یومِ پیدائش کی مناسبت سے ایک یادگاری سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چینی سفارتخانے کے حکام، ممتاز پاکستانی شخصیات، سابق سفرائے کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے شرکت کی۔

جیانگ زہ من کی 100 ویں سالگرہ کی مناسبت سے اسلام آباد میں منعقدہ سمپوزیم میں شرکا اظہارِ خیال کر رہے ہیں۔(سید حنان گیلانی/پیپلز ڈیلی)
پاکستان میں چینی سفارتخانے کے وزیر شی یوان چھیانگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیانگ زہ من نے پاک -چین تعلقات کو ہمیشہ خصوصی اہمیت دی اور پاکستان کے ساتھ ان کی گہری وابستگی ان کے ذاتی تجربات سے بھی جڑی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 1996 میں چین کے صدر کی حیثیت سے جیانگ زہ من کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک نے 21 ویں صدی کے لیے جامع تعاون پر مبنی شراکت داری قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ جیانگ زہ من نے پاک- چین دوستی کو نسل در نسل منتقل کرنے پر بھی زور دیا تھا۔
شی یوان چھیانگ نے کہا کہ رواں سال چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ گزشتہ 75 برسوں کے دوران دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی اور ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیانگ زہ من کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ پاک- چین دوستی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرنا، باہمی مفادات پر مبنی تعاون کو مزید وسعت دینا اور دوستی کی اس روایت کو نئی نسل تک پہنچانا ہے۔

جیانگ زہ من کی 100 ویں سالگرہ کی مناسبت سے اسلام آباد میں منعقدہ سمپوزیم میں شرکا اظہارِ خیال کر رہے ہیں۔(سید حنان گیلانی/پیپلز ڈیلی)
تقریب میں شریک سابق پاکستانی سفارت کاروں اور دیگر شخصیات نے جیانگ زہ من کے ساتھ اپنی ملاقاتوں اور یادوں کا تذکرہ کیا۔ سابق پاکستانی سفیر اشرف قاضی نے کہا کہ جیانگ زہ من پاکستان کے مخلص دوست تھے اور انہوں نے پاک- چین تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جیانگ زہ من نے صدر بننے سے کئی برس پہلے پاکستان میں کام کیا تھا اور بعد میں بھی اپنے پاکستانی دوستوں اور ساتھیوں سے تعلق برقرار رکھا۔ مقررین نے پاک چین دوستی کی اس روایت کو نسل در نسل آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔



