• صفحہ اول>>ثقافت و سیاحت

    ہائی نان کا" لی بروکیڈ" عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا رہا ہے

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2025-06-13
    ہائی نان کا

    13جون 2025 (پیپلز ڈیلی آن لائن) جنوبی چین کے صوبے ہائی نان میں لی قومیتی گروہ کےایک روایتی کپڑے ، "لی بروکیڈ " کے تحفظ اور عالمی سطح پر اس کی کشش کو عملی طعر پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ لی بروکیڈ کو چین کی ٹیکسٹائل صنعت کا "لائیو فوسل" کہا جاتا ہے۔

    23 مئی 2025کو، اوسا کا ایکسپو میں چین کے پویلین میں ہائی نان ویک کے دوران، ہائی نان یونیورسٹی کے طلبہ، لی بروکیڈ کے ملبوسات پہنے پویلین کے باہر نظر آئے، تو ان کے ساتھ تصاویر لینے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد وہاں امڈ آئی ۔ اس سے کچھ دیر پہلے، لی بروکیڈ بننے والی تان چاؤ یان ، روایتی کھڈی کے ساتھ پیرس گئیں، جہاں انہیں پیرس فیشن ویک میں لی بروکیڈ بننے کی تکنیک کا مظاہرہ کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ ہائی نان کے شہر ووژی شان سے تعلق رکھنے والی تان چاؤ یان ، روایتی لی پارچہ بافی کی وارث ہیں، جن میں دھاگہ بنانا، رنگنا، بُنائی اور کڑھائی کرنا شامل ہیں۔یہ دوسری بار ہے جب لی بروکیڈ نے پیرس فیشن ویک کی رونق بڑھائی ہے۔ تان چاو کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی فیشن کی دنیا میں لی بروکیڈ کی خوبصورتی پیش کرنے پر وہ بے حد فخر محسوس کرتی ہیں۔

    لی بروکیڈ کو جدید اور بین الاقوامی بنانے کے لیے، ووژی شان نے اٹلی کے اعلیٰ درجے کے آرٹ اسکول آئیستی توتو مارنگونی کے ساتھ مل کر اگست 2023 میں ایک سکل ٹریننگ پروگرام شروع کیا، اور اس کے لیے لی بروکیڈ کے 30فنکاروں کو منتخب کیا۔ 2024 کے آخر تک، ہائی نان کے نو شہروں اور کاؤنٹیز میں روایتی لی کپڑے کی تیاری ، یعنی کتائی، رنگائی، بُنائی اور کڑھائی کے 470 سے زائدنمائندہ مورث تھے۔

    لی بروکیڈ کو پیرس فیشن ویک میں واپس لانے والی چھانگ شن تونگ نے ہائی نان میں منعقدہ پانچویں چائنا انٹرنیشنل کنزیومر پراڈکٹس ایکسپو میں شرکت کی اور صارفین کو لی بروکیڈ سے متعارف کروایا۔ فری ٹریڈ پورٹ پالیسیز پر توجہ دیتے ہوئے چھانگ نے ہائی نان میں اپنا کاروبار شروع کیا۔ لی بروکیڈ ایلیمنٹس (ہائی نان ) ٹیکنالوجی کمپنی، لمیٹڈ کی سربراہ کے طور پر، وہ لی بروکیڈ کو جدید اور صنعتی بنانے کے طریقے تلاش کر رہی ہیں۔ ہائی نان بین الاقوامی کانفرنس اور نمائش کے مرکز میں، چھانگ اور ان کی ٹیم نے ہائی نان صوبائی عجائب گھر میں موجود ایک قدیم بستر کی چادر سے متاثر ہو کر تیار کردہ ایک شال پیش کی۔ اس شال کو نمائش میں شریک تجار کی جانب سے بے حد سراہا گیا۔

    صوبائی دارالحکومت ہائیکو کے بیئشامن پارک میں ایک امریکی ڈیزائنر نکی جانسن کی آئی لینڈ ڈیلائٹس نامی ایک دکان ہے جہاں نکی لی بروکیڈ سے متاثرہ خود کی ڈیزائن کردہ مصنوعات فروخت کرتی ہے، جن میں فرج میگنٹس، ہار اور بالوں کے کلپس شامل ہیں، ساتھ ہی ہائی نان کے دیہاتیوں کی تخلیق کردہ لی بروکیڈ کی مصنوعات بھی موجود ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ بہت سے غیر ملکی گاہک ان مصنوعات کو خریدنے آتے ہیں ۔ وہ چاہتی ہیں کہ خوبصورت لی بروکیڈ ثقافت کو فروغ دینے اور مقامی فن کو معاونت فراہم کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں۔

    اس سال مارچ میں، ہائی نان نے روایتی لی پارچہ بافی کی تکنیک کے تحفظ اور اس کی ترقی کے لیے پانچ سالہ منصوبہ جاری کیا۔ اس منصوبے میں لی بروکیڈ ثقافت کی بین الاقوامی تشہیر کو بڑھانے، غیر مادی ثقافتی ورثے کے نمائندہ وارثوں کو دنیا بھر میں بڑے فیشن شوز میں شرکت کی ترغیب دینے، اور لی بروکیڈ مصنوعات کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے کمپنیز کی حمایت کرنے کا کہا گیا ہے۔

    پچھلے سال دسمبر میں، اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) نے بھی روایتی لی کپڑا سازی کی تکنیک کو غیر مادی ثقافتی ورثے کی نمائندہ فہرست میں شامل کیا ہے۔

    پارٹی چیف اور صوبہ ہائی نان کے قومیتی امور کمیشن کے ڈائریکٹر فو ژیورونگ کا کہنا ہے کہ جو چیز کسی قوم کے لیے منفرد ہے وہ دنیا کے لیے بھی قیمتی ہے۔ ہم مختلف قومیتی گروہوں کے فنون کی جدید اور اختراعی ترقی کو فروغ دیتے رہیں گے، جن میں لی بروکیڈ، لی مٹی کے برتن اور میاؤ کڑھائی شامل ہیں۔ان کا مزید یہ کنا تھا کہ ہم غیر مادی ثقافتی ورثے کو روز مرہ کی زندگی میں شامل کریں گے اور مزید قومیتی خزانوں کو عالمی سطح تک پہنچانے میں مدد فراہم کریں گے۔

    ویڈیوز

    زبان