
15 مئی 2026 ، چین کے صوبے جہ جیانگ میں یی وو انٹرنیشنل ٹریڈ مارکیٹ میں فٹ بال ورلڈ کپ تھیم پر مبنی دکان ۔ (شنہوا ۔ حوانگ جونگ جی)
18 مئی 2026(پیپلز ڈیلی آن لائن)فیفا ورلڈ کپ2026 ، امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں اگلے ماہ سے شروع ہو رہا ہے ۔یی وو جسے "ورلڈ سپر مارکیٹ' کہا جاتا ہے، یہاں کے کارخانے عالمی کپ کے آرڈرز پورے کرنے میں مصروف ہیں اور شہر کے پروڈکشن اینڈ لاجسٹک نیٹ ورکس انہیں بھرپور معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
کچھ دن قبل آن لائن ، ہاتھ کی شکل کی ایک سن کیپ وائرل ہوئی۔ اسی دن دوپہر تک، مقامی تاجروں نے اس کا پروٹوٹائپ مکمل کیا ،اس کی مزید اقسام اور انداز بھی متعارف کروائے اور بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کر دی گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ " نیا آئٹم" بیرون ملک روانہ ہو چکا تھا۔
اس شاندار رفتار کے پیچھے یی وو کی مربوط سپلائی چین کارفرما ہے، جہاں کارخانے آدھے گھنٹے میں درکار تمام ضروری سامان حاصل کر سکتے ہیں۔ مقامی تاجر چھین گو کا کہنا ہے، یی وو میں پروڈکشن کا کام پانی پینے کی طرح آسان ہے ۔ دوسرے مقامات پر یہ مبالغہ لگ سکتا ہے تاہم، یی وو کے کاروباری ماحول میں یہ معمول کی بات ہے۔

15 مئی، 2026۔ یی وو انٹرنیشنل ٹریڈ مارکیٹ میں ایک دکاندار ،ورلڈ کپ تھیم مصنوعات کے ساتھ ۔ (شنہوا ۔ حوانگ جونگ جی)
یی وو کی برتری ،اس کی مارکیٹ کی نبض کو سمجھنے اور رجحانات کے ساتھ ہم قدم رہنے کی صلاحیت کے باعث ہے۔ جب کئی علاقےکھیلوں کے شروع ہونے یا آرڈرز کے آنے کا انتظار کر رہے تھے،یی وو کے تاجر کئی ماہ سے نئے آرڈرز کی تیاری کر رہے تھے۔ انہوں نے پچھلے ورلڈ کپ ایڈیشنز کے دوران ،سب سے زیادہ فروخت ہونے والی مصنوعات کا جائزہ لیا، شائقین کی ترجیحات اور ابھرتے ہوئے رجحانات کا تجزیہ کیا، مشہور ٹیمز سے منسلک مال کی طلب کا اندازہ لگایا حتی کہ مصنوعات کو مقامی موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیا۔
اس حوالے سے تیز رفتار اور قابل اعتماد لاجسٹکس بھی نہایت اہم ہیں۔ یی وو نے ، یی وو -سنکیانگ-یورپ مال بردار ٹرین سروس کے ذریعے اور ننگ بو-جو شان پورٹ کے قریب ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک عالمی لاجسٹک نیٹ ورک قائم کیا ہے، جو سمندر، زمین اور ہوائی نقل و حمل پر مشتمل ہے۔ ورلڈ کپ کا مال فیکٹریز سے نکل کر 20 دن کے اندر اندر یورپ میں مقررہ مقامات تک پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ امریکا اور مشرق وسطی کے لیے مخصوص بحری راستے بر وقت ترسیل ، شپنگ کی مسابقتی لاگت اور موثر کسٹمز کلیئرنس کو یقینی بناتے ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں یی وو کی شاندار ترقی کی ایک اور وجہ اس کا جدت اور حقوق املاکِ دانش پر مبنی پیداوار کی طرف توجہ دینا ہے۔ یی وو کے تاجر کاپی رائٹ کے حوالے سے ، سرکاری ایونٹ لائسنسرز کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور جعلی یا غیر مجاز مال کی پیداوار سے بچنے کے لیے اقدامات اختیار کر رہے ہیں۔

یی وو انٹرنیشنل ٹریڈ مارکیٹ میں ایک خاتون،ورلڈ کپ تھیم پر مبنی چینی دستی پنکھا دکھا رہی ہیں۔( شنہوا ۔ حوانگ جونگ جی)

یی وو انٹرنیشنل ٹریڈ مارکیٹ میں ایک دکاندار ،ورلڈ کپ تھیم مصنوعات ڈسپلے کر رہا ہے۔ (شنہوا ۔ حوانگ جونگ جی)



