26 مئی 2026(پیپلز ڈیلی آن لائن) 25 مئی کو بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ، چینی صدر شی جن پھنگ نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سالوں میں دونوں ممالک نے باہمی افہام و تفہیم ، باہمی اعتماد اور باہمی حمایت کو فروغ دیا ہے، جس سے ایک مضبوط روایتی دوستی قائم ہوئی ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان باہمی سٹریٹجک اعتماد اور عملی تعاون نے ان کے اپنے اپنے ملک کی ترقی کو مؤثر طریقے سے فروغ دیا ہے۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ بین الاقوامی حالات میں خواہ کیسی بھی تبدیلی آئے ، چین ہمیشہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ اپنی سفارت کاری میں چین- پاکستان تعلقات کی ترقی کو ترجیح دے گا۔انہوں نے کہا کہ فریقین کو نئے عہد میں مزید قریبی چین -پاکستان مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل کو تیز کرنا چاہیے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان ہمہ موسمی تعاون کے مزید نتائج برآمد ہوں، دونوں ممالک کے عوام کو زیادہ بہتر فوائد پہنچیں ، علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے میں کردار ادا کیا جا سکے اور خطے میں مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل کی ایک مثال قائم کی جا سکے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین، پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی مضبوط حمایت کرتا ہے اور پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطحی تبادلوں کو برقرار رکھنے، سٹریٹجک روابط کو مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعلقات کی درست ترقیاتی سمت کی رہنمائی کے لیے تیار ہے۔ دونوں فریقوں کو چین -پاکستان مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل کے لیے ایکشن پلان میں ٹھوس پیش رفت کرنی چاہیے، بڑے تاریخی منصوبوں اور روزگار کے "چھوٹے لیکن پرکشش" منصوبوں کی تعمیر میں ہم آہنگی پیدا کرنی چاہیے نیز زراعت، صنعت، مصنوعی ذہانت اور ہنرمندوں کی تربیت سمیت دیگر شعبوں میں ہمہ جہت تعاون کو گہرا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کو اعلیٰ سطحی اور وسیع تر سکیورٹی تعاون کرنا چاہیے اور علاقائی امن و استحکام کا مشترکہ تحفظ کرنا چاہیئے۔ صدر شی جن پھنگ نےمشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی میں ثالثی پر پاکستان کے فعال کردار کو سراہا اور کہا کہ دونوں فریقوں کو قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے ، مشترکہ طور پر یک طرفہ پسندی اور سرد جنگ کی ذہنیت کی مخالفت کرنی چاہیے اور ایک منصفانہ اور منظم کثیر قطبی دنیا اور جامع اقتصادی عالمگیریت کو فروغ دینا چاہیے۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ ،پاکستانی عوام اور دنیا کے تمام امن پسند لوگوں کے عظیم دوست ہیں۔ صدر شی جن پھنگ کی مضبوط قیادت میں چین کی معیشت نے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں، جو عالمی امن کے تحفظ اور کثیر قطبی دنیا کی تعمیر میں مضبوط ضمانت فراہم کرتی ہیں۔ پاکستان اور چین کی آہنی دوستی دونوں ممالک کے درمیان نسل در نسل دوستی کا ثبوت ہے اور یہ ایسی بے مثال دوستی ہے جو وقت کی کسوٹی پر پوری اتری ہے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے عمل پیرا ہے، چین کے مرکزی مفادات سے متعلق تمام معاملات پر چین کے موقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور ہمیشہ چین کا ایک اچھا دوست اور شراکت دار رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ،گورننس میں چین کے تجربے سے سیکھنے، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت تعاون کو گہرا کرنے، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کو آگے بڑھانے اور پاک -چین تعلقات کی ترقی کو مسلسل فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔ پاکستانی وزیر اعظم نے ، امریکا- ایران مذاکرات میں پاکستان کی ثالثی پر چین کی مکمل حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر صدر شی جن پھنگ کی چار نکاتی تجویز امن کے حصول کے لیے رہنما فریم ورک فراہم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن اور استحکام کے فروغ میں چین کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔





