• صفحہ اول>>چین پاکستان

    چینی وزیرِ اعظم لی چھیانگ کی پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-05-26
    چینی وزیرِ اعظم لی چھیانگ کی پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات

    26 مئی 2026(پیپلز ڈیلی آن لائن) 25 مئی کو بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چین کے وزیرِ اعظم لی چھیانگ نے پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات اور مذاکرات کیے۔

    لی چھیانگ نے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو ہمسایہ سفارت کاری میں ترجیحی حیثیت دیتا آیا ہے اور پاکستان کے ساتھ مزید مضبوط اتحاد، روایتی دوستی کے فروغ، باہمی معاونت اور عملی تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل سے مزید نتائج حاصل کیےجا سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر چین۔پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کو مزید آگے بڑھانا چاہتا ہے، دونوں ممالک کے بڑے رابطہ منصوبوں پر کام جاری رکھا جائے گا اور صنعت، معدنیات، زراعت، عوامی بہبود اور مالیاتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

    لی چھیانگ نے کہا کہ چین پاکستان سے معیاری مصنوعات کی مزید درآمد ات کرنے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک دوطرفہ تجارت کے حجم اور معیار میں اضافے کے لیے آزاد تجارتی معاہدے کے اپ گریڈ ورژن کی تیاری کے لیے بھی مشترکہ کوششیں کر سکتے ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت اور سبز توانائی جیسے شعبوں میں تعاون پر بھی غور کر نا چاہیے تاکہ ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ چین، انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون کو مزید گہرا کرنے اور مزید پاکستانی نوجوانوں کو چین میں تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کرنے کا بھی خواہاں ہے۔

    لی چھیانگ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی سلامتی کے لیے ضروری اقدامات جاری رکھے گا تاکہ تعاون کے لیے محفوظ اور مستحکم ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

    وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات کا فروغ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک چین کے اصول پر ثابت قدم ہے اور تائیوان، سنکیانگ، شی زانگ اور بحری امور سمیت چین کے بنیادی مفادات سے متعلق معاملات پر ہمیشہ چین کے منصفانہ مؤقف کی حمایت کرتا رہے گا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، چین کی اقتصادی و سماجی ترقی کے تجربات سے سیکھنے کا خواہش مند ہے اور اعلیٰ سطحی روابط کو مزید فروغ دینے، سی پیک کے "2.0 اپ گریڈ ورژن" کی تعمیر تیز کرنے اور تجارت، زراعت، مالیات، مصنوعی ذہانت نیز سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے تاکہ پاکستان۔چین مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل کو مسلسل آگے بڑھایا جا سکے۔

    انہوں نے چینی کمپنیز کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان محفوظ اور بہتر کاروباری ماحول کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گا۔

    شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان، صدر شی جن پھنگ کی جانب سے پیش کردہ چار گلوبل انیشی ایٹوز کی بھرپور حمایت کرتا ہے نیز عالمی و علاقائی امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے چین کے ساتھ کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

    ملاقات سے قبل بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں شہباز شریف کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب بھی منعقد کی گئی۔

    مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے معیشت و تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، خوراک و زراعت اور انسانی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کیے جانے کی تقریب میں شرکت کی۔

    ویڈیوز

    زبان