22جولائی 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن)مشرقی چین کے صوبے جیانگ شی کے شہر جِنگ دہ جین میں بنائی جانے والی پورسلین کی اشیا کے معیار کو برسوں سے اعلی اور عمدہ تسلیم کیا جا رہا ہے تاہم کئی لوگوں کو اس بات کی فکر رہتی ہے کہ آیا وہ واقعی حقیقی مصنوعات ہی خرید رہے ہیں یا ان کی نقل۔تاہم آج، "میڈ ان جِنگ دہ جین" کا نشان ان چیلنجز کا موثر جواب دے رہا ہے، اس صنعت میں اعتماد کو بحال کر رہا ہے اور چین کے "پورسلین کیپٹل" جِنگ دہ جین کی ترقیاتی بنیاد کو مضبوط کر رہاہے۔

ایک سیرامک پیالے کے پیندے پر " میڈ ان جِنگ دہ جین" کی مہر ۔ (تصویر لین حوئی چھی)
جِنگ دہ جین کے مٹی کے برتنوں کی صنعت کا ایک اہم ترقیاتی مرحلہ "معیار بندی" ہے۔ شہر نے ایک "فل-چین گورننس سسٹم " قائم کیا ہے جو معیار کی ترتیب ، معائنہ و تصدیق اور ٹریس ایبلٹی مینجمنٹ کو یکجا کرتا ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ برتنوں کی پیداوار، ہر مرحلے کے لیے واضح طور پر متعین کردہ معیار کے تحت ہو۔
جِنگ دہ جین سیرامک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل، فو وانگ شینگ کا کہنا ہے کہ "میڈ ان جِنگ دہ جین" کے معیار کے کچھ اہم اشاریے قومی معیار سے بھی زیادہ ہیں اور صرف وہی مصنوعات جو اس معیار کے تقاضوں پر پوری اترتی ہیں، انہیں برینڈ مارک استعمال کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔
'میڈ ان جِنگ دہ جین"کے لیے دس گروپ سٹینڈرڈز متعارف کروائے گئے ہیں ، مطابقت رکھنے والی مصنوعات کو منفرد شناخت کے طور پر خصوصی قیو آر کوڈز تفویض کیے جاتے ہیں، جو آخر تک کی ٹریس ایبلٹی اور اصلیت کی تصدیق کو ممکن بناتے ہیں۔اب تک، تقریباً 230 انٹرپرائزز کو برینڈ مارک استعمال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ برینڈ کی قدر نے پیداوار کی رفتار میں اضافہ کیا ہے اور 2025 میں اس شہر کی سالانہ پیداواری مالیت 100 ارب یوان (تقریباً 14.75 ارب ڈالر) سے تجاوز کر چکی تھی۔

مشرقی چین کے صوبے جیانگ شی میں جِنگ دہ جین ریڈلیف سیرامکس کمپنی لمیٹڈ کی فیکٹری میں خوبصورت رنگوں سے مزین پورسلین پلیٹس ، انتہائی درجہ حرارت والی رولر بھٹی میں پکنے کے لیے تیار ہیں ۔ (پیپلز ڈیلی آن لائن/زو بِن چھی)
جِنگ دہ جین ریڈلیف سیرامکس کمپنی لمیٹڈ کی فیکٹری میں ، مزدور چینی مٹی کے برتنوں پر احتیاط سے ڈیزائن چسپاں کرتے ہیں ،بسکٹ اور گلیز کی بھٹیوں سے گزرنے کے بعد اب انہیں تیسری بار انتہائی درجہ حرارت والی بھٹی سے گزارا جاتا ہے ۔ "لونگ جو گہ " نمائشی ہال میں، 'A Thousand Miles of Rivers and Mountains' سے متاثرہ پورسلین سیریز بہت سے گاہکوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ تھاو شی چھوان ثقافتی واختراعی کاروائیوں کی کارپوریشن لمیٹڈ کے چیئرمین ہی جیان یی نے بتایا کہ "لونگ جو گہ" کا تجارتی نشان 1979 میں جِنگ دہ جین کی اعلیٰ معیار کی مصنوعات کے لیے رجسٹر کیا گیا تھا۔ 2021 میں"لونگ جو گہ" نے بحالی کا ایک منصوبہ شروع کیا، جس میں یہ سیریز ایک اہم پراڈکٹ کے طور پر شامل تھی۔ ڈیزائن ٹیم نے 12 میٹر طویل اصل شاہکار کو ایک چھوٹے سے برتن پر منتقل کرنے میں کافی و قت اور محنت صرف کی ہے۔

'A Thousand Miles of Rivers and Mountains' پورسلین سیریز کے ایک چھوٹے سے پیالے پر کی گئی نفیس پینٹنگ (تصویر: انٹرویو دینے والے کی فراہم کردہ)
"لونگ جو گہ" کے ڈیزائن ڈائریکٹر، گو چھی ہوئی کہتے ہیں کہ رنگین گلیز کو مستحکم رکھنا اور اسے کنٹرول کرنا مشکل ہے۔ مختلف عوامل جیسے گلیز کا مواد، تکنیکیں، بھٹی کی صورتِ حال ، درجہ حرارت اور دورانیہ آخری رنگ پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ بڑے پیمانے پر پیداوار سے پہلے، ٹیم نے کئی بار جانچ اور آزمائش کی، گلیز کے تناسب، اطلاق کی تکنیکوں، نمی کی مقدار اور موٹائی کو بار بار ترتیب دیا ۔
حالیہ برسوں میں، لونگ جو گہ کے چینی طرز کے مجموعے کو وسیع پیمانے پر توجہ ملی ہے۔ انہیں بڑے ملکی اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر پیش کیا گیا ہے، جن میں چین-افریقا تعاون فورم اور میلان ڈیزائن ویک شامل ہیں، جو دنیا کے سامنے جِنگ دہ جین کے چینی طرز کے پورسلین کی نفاست و مہارت کی منفرد جاذبیت پیش کر رہے ہیں۔
جِنگ دہ جین کے دیگر مقامات پر، ورثے کی تکنیکوں کو سراہنے والے بالکل مختلف مزاج کے لوگ ہیں، وہ کلاسیکی منظر کشی کے بجائے جمع کرنے کے مقصد سے بنائے گئے کھلونوں کے ماحول میں پلے بڑھے ہیں۔ چھن تھئین سیرامکس کے نمائشی ہال میں داخل ہوتے ہی، منفرد ڈیزائن کے سیرامک کھلونے نظر آتے ہیں اور ایک مجسمہ خاص طور پر سب کی توجہ اپنی جانب کھینچتا ہے۔

جِنگ دہ جین میں تیار کردہ ایک جدید سیرامک کھلونا۔ (پیپلز ڈیلی آن لائن-زو بن چھی)
چھن تھئین سیرامکس کے جنرل منیجر شو وان نے جدید سیرامک کھلونے کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ پاپ مارٹ کے اشتراک سے "کلیکٹ ایبل ٹوائے" سلسلے کا یہ کھلونا بنایا گیاہے ۔دنیا بھر میں محض 199 یونٹس تک محدود اس کھلونے کی قیمت 14,999 یوان ہے، اور یہ لانچنگ کے چند سیکنڈز کے اندر اندر ہی فروخت ہوگیا۔
جدید کاروباری ماڈلز کی بنیاد پر، چھن تھئین سیرامکس نے مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھایا ہے۔ اس نے ڈزنی، پاپ مارٹ اور سانریو سمیت مشہور ملکی اور بین الاقوامی ٹرینڈی ٹوائے آئی پیز کے ساتھ شراکت داری کی ہے اور جدید ڈیزائن میں غیر مادی ثقافتی ورثے کی تکنیکوں کو شامل کیا ہے۔ ان کوششوں نے روایتی دستکاری کو جدید جمالیاتی رجحانات کے مطابق ڈھالنے اور نئی کنزیومر مارکیٹس میں جگہ بنانے میں مدد دی ہے۔
2026 چین (شین زن) ثقافتی صنعتوں کی نمائش میں، چھن تھئین سیرامکس کے نمائش کے لیے رکھے گئے تمام کھلونے دو دن کے اندر ہی فروخت ہو گئے۔ اپنے منفرد برینڈ سٹائل کے ساتھ، کمپنی نے چینی اور غیر ملکی صارفین کی توجہ حاصل کی ہے اور اپنی ایک مضبوط پہچان بنائی ہے۔



