• صفحہ اول>>چین پاکستان

    چین کے قومی دن کی استقبالیہ تقریب،   پاکستان اور چین  کا  دوستی و تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-10-01

    یکم اکتوبر 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن)30 ستمبر کو اسلام آباد میں ، چین کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ استقبالیہ تقریب میں پاکستان اور چین نے دوستی و تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، اعلیٰ فوجی حکام، سفارت کاروں اور چینی برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی عوام کو ، قومی دن کی مبارک باد دیتے ہوئے ، چین کی ترقیاتی کامیابیوں کو سراہا اور عالمی امن و خوشحالی کے لیے چین کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان اور چین کے تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا محور ہیں۔" دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے پاک- چین دوستی کو باہمی اعتماد اور ثابت قدمی کے ساتھ ایک دوسرے کی حمایت کرنے کی بنیادوں پر قائم رشتہ قرار دیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اب سی پیک کا اگلا مرحلہ، یعنی سی پیک 2.0، شروع ہو رہا ہے۔ اس مرحلے میں صنعت کاری، خصوصی اقتصادی زونز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، زراعت اور معدنی وسائل کی ترقی پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ زرعی شعبے سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار پاکستانی گریجویٹس، چین میں تربیت مکمل کر چکے ہیں جب کہ مزید ایک ہزار بھی تربیت کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کی مہارتوں میں اضافے اور ان کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔

    چینی سفیر جیانگ زائی دونگ نے چین کی ترقیاتی کامیابیوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ چینی طرزِجدیدیت ،دنیا کے لیے مسلسل نئے مواقع پیدا کرتی رہے گی۔ انہوں نے اسٹریٹجک سطح پر باہمی اعتماد، عملی تعاون، عوامی فلاح و بہبود، سلامتی کے شعبے میں تعاون اور بین الاقوامی رابطہ کاری کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے سی پیک 2.0 میں اعلیٰ معیار کی ترقی اور چین- پاکستان آزاد تجارتی معاہدے کو مزید بہتر بنانے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

    جیانگ زائی دونگ نے بلوچستان میں صاف پانی کی فراہمی، اسمارٹ کلاس رومز کی بہتری اور طلبہ کو اسکول کٹس فراہم کرنے کے منصوبوں کو تیز کرنے کے عزم کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ ،نئے دور میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید قریبی بنانے اور پاک –چین مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کے قیام کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

    استقبالیہ تقریب میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔

    ویڈیوز

    زبان