
6 نومبر کو چین کے شی زانگ خوداختیار علاقے میں چائنا جنرل نیوکلیئر پاور کے "زیرو کاربن" شمسی-حرارتی توانائی ذخیرہ کرنے اور بجلی پیدا کرنے کے مظاہرتی منصوبے کے پہلے یونٹ کو گرڈ سے منسلک کر دیا گیا، جس کے بعد اس نے بجلی کی پیداوار شروع کر دی ہے۔ یہ دنیا کے بلند ترین مقام پر قائم گرڈ سے منسلک شمسی حرارتی بجلی گھر ہے، جس سے مقامی علاقے میں صاف توانائی کی فراہمی کی صلاحیت مزید بہتر ہوگی۔
اس منصوبے کی اوسط بلندی 4 ہزار 300 میٹر ہے اور اس کی مجموعی نصب شدہ پیداواری صلاحیت 150 میگاواٹ ہے، جس میں 100 میگاواٹ کا فوٹو وولٹک بجلی گھر اور 50 میگاواٹ کا شمسی حرارتی بجلی گھر شامل ہے۔ شمسی حرارتی بجلی گھر دن کے وقت شمسی پینلز سے پیدا ہونے والی بجلی کو حرارتی توانائی میں تبدیل کر کے ذخیرہ کر سکتا ہےاور رات کے وقت یا دھوپ کی کمی کے دوران اس حرارت کو استعمال کرتے ہوئے بجلی پیدا کرتا ہے۔ اس طرح دن رات بجلی کی مسلسل فراہمی ممکن ہوتی ہے۔
منصوبے کی تعمیر کے دوران مجموعی طور پر 500 سے زائد مقامی چرواہوں اور کسانوں کو روزگار فراہم کیا گیا۔ پورے منصوبے کے فعال ہونے کے بعد سالانہ تقریباً 270 ملین کلوواٹ گھنٹے بجلی پیدا ہونے کی توقع ہے، جس سے ہر سال کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں تقریباً ایک لاکھ 68 ہزار 200 ٹن کمی آئے گی۔



