• صفحہ اول>>کاروبار

    مغربی چین کا علاقہ ، عالمی کاروبار کا نیا"ہاٹ سپاٹ"

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-05-26
    مغربی چین کا علاقہ ، عالمی کاروبار کا نیا

    26 مئی 2026(پیپلز ڈیلی آن لائن) چین کا مغربی علاقہ ملک کے 72 فیصد رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور ملک کی مجموعی آبادی کا 27 فیصد یہاں رہائش پذیر ہے۔ یہ علاقہ بہت تیزی کے ساتھ عالمی کاروبار کے نئے"ہاٹ سپاٹ" کے طور پر ابھر رہاہے ۔ یہ ترقی، چین-یورپ مال بردار ٹرین سروسز اور نئی بین الاقوامی زمینی-سمندری تجارتی راہداری کے باعث ممکن ہوئی ہے جو کہ علاقائی رابطے کو بہتر بنا رہی ہیں۔

    اس سال کی پہلی سہ ماہی میں، شی آن سے چین-یورپ مال بردار ٹرینز 1,631 سفر مکمل کر چکی ہیں، جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں 7.4 فیصد زیادہ ہے، اور یہ قومی کل کا تقریباً 30 فیصد بنتا ہے۔ اس دوران، شپنگ کا وقت بھی نمایاں طور پر کم ہوا ہے، جہاں تیز ترین ٹرینز صرف 10 دن میں جرمنی اور 5 دن میں وسط ایشیا پہنچ رہی ہیں۔

    تجارت کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ، بہتر رابطے، لاجسٹک فراہم کرنے والوں، صنعت کاروں اور پورٹ آپریٹرز کو مزید مربوط صنعتی سلسلہ تشکیل دینے اور ترقی کے مواقع کو بانٹنے کا موقع دے رہے ہیں۔

    حالیہ دنوں شمال مغربی چین کے صوبے شائنشی کے شہر شی آن میں منعقدہ، 10 ویں سلک روڈ انٹرنیشنل ایکسپو بھی یہاں آنے والے تاجروں اور کاروباری افراد کے لیے محض ایک تجارتی میلہ نہیں تھی۔

    نمائش میں ، ایران کے سیکشن میں ، خوبصورت قالین اور نفیس دستکاریاں یہاں آنے والوں کو متوجہ کرتی رہیں اسی دوران ایک ایرانی تاجر، ای کامرس ایپ کے ذریعے چینی خریداروں کے لیے مصنوعات کی لائیو سٹریمنگ بھی کرتا رہا۔ نمائش میں شریک ایرانی تاجر مہدی بارید اولیائی کے مطابق، ماضی میں انہوں نے مشرقی چین کے شراکت داروں کے ساتھ تعاون کیا ہے اور مغربی چین ان کے لیے ایک نئی مارکیٹ ہے۔ وہ پر امید ہیں کہ مقامی صارفین کے مزاج کو بہتر طور پر سمجھنے ، خریداروں کے ساتھ براہ راست رابطہ کرنے اور نمائش کے ذریعے مزید ہول سیل شراکت دار تلاش کر کے وہ اپنے کاروبار کو یہاں وسعت دے سکتے ہیں۔

    روس کے ایلومینیم کے بڑے ادارے روسال کے سی ای او ،ایوگینی نکیٹین کے مطابق، کمپنی نے اپنی ایک شاخ شی آن میں قائم کی ہے کیونکہ اب، چین کے لیے کمپنی کی ایلومینیم ریلوے شپمنٹس کا 40 فیصد سے زیادہ کام اس شہر سے ہوتا ہے۔

    غیر ملکی کاروبار ی افراد اور ادارے بھی ، اس علاقے کے متنوع وسائل کے فوائد اور مضبوط صنعتی نظام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں اپنی جگہ بنا سکتے ہیں ۔ ایکسپو کے دوران سچوان کے نمائشی علاقے میں ، ہوانٹیان وزڈم ٹیکنالوجی کمپنی کا تیار کردہ ہائی ریزولوشن آپٹیکل سیٹلائٹ نمایاں رہی۔اس سیٹلائٹ کی فضائی ریزولوشن 0.5 میٹر ہے، جو خلا میں ایک کیمرے کی طرح کام کرتی ہے، زراعت کی نگرانی، ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی آفات کی روک تھام کے لیے تفصیلی جغرافیائی معلومات فراہم کرتی ہے۔کمپنی کے بین الاقوامی کاروباری شعبے کے سربراہ جی مویئے کا کہنا ہے کہ ازبکستان کے حکام نے اپنے ملک کے لیے سیٹلائٹ ڈیٹا اور تکنیکی حل فراہم کرنے کے لیے کمپنی کے سروس فریم ورک سے استفادہ کرنے میں دلچسپی دکھائی ہے ۔

    یہ بڑھتی ہوئی دلچسپی ،پالیسی حمایت سے مزید مستحکم ہوتی ہے۔چین کی ، غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جانے والی صنعتوں کی نظرثانی شدہ فہرست، جو فروری میں نافذ ہوئی، اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ ملک، خاص طور پر چین کے وسطی، مغربی اور شمال مشرقی علاقوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے،اہم شعبوں جیسے جدید مینوفیکچرنگ اور سبز ترقی میں عالمی سرمایہ کاری کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

    مقامی سطح پر، حکومتیں غیر ملکی سرمایہ کاری کی ترجیحات کو اپنی صنعتی صلاحیتوں کے مطابق ڈھال رہی ہیں جب کہ ابھرتے ہوئے شعبوں میں نئے امکانات تلاش کر رہی ہیں۔ مثال کے طور پر، جنوب مغربی چین کا شہر چھونگ چھنگ ، پہاڑی علاقوں کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کی موزوں زرعی مشینری کی تحقیق، ترقی اور تیاری کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، جب کہ گوئے جو نے کمپیوٹنگ انفرا سٹرکچر کے ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر کے لیے معاونت میں اضافہ کیا ہے۔

    چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے ادارہ برائے عالمی معیشت و سیاست کی محقق پھین یوان یوان نے کہا کہ مشرقی اور مغربی چین کی مختلف ضروریات ، غیر ملکی کمپنیز کے لیے متنوع مواقع پیدا کرتی ہیں۔مختلف صلاحیتوں کی حامل کمپنیز کو موزوں مارکیٹس مل سکتی ہیں اور انتہائی مہارت والے شعبے اور خصوصی صنعتیں اکثر غیر متوقع کاروباری مواقع فراہم کرتی ہیں۔

    شی آن میں منعقدہ یہ پانچ روزہ ایکسپو پیر کو اختتام پذیر ہوئی ۔ ایکسپو میں 64 ممالک اور علاقوں سے تقریباً 200 غیر ملکی اداروں نے شرکت کی اور شرکا کی رائے میں یہ نمائش ، مغربی چین کی ترقی پذیر مارکیٹ کے داخلی دروازے کا کردار ادا کرتی ہے۔

    ویڈیوز

    زبان