24اگست 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن)چین کے اندرون منگولیا کے شہر، تھونگ لیاو کے میدانی علاقے حور چِن کے وسط میں، کرچن کیٹل انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ کے 3000 مو (200 ہیکٹر) پر محیط حوا ٹوگولا صنعتی پارک میں، مویشیوں کی فارمنگ کو نئے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔
اس پارک کے سمارٹ کیٹل فارم میں،ایک وقت میں 10,000 مویشیوں کو پالنے کی گنجائش ہے۔ یہاں 21 باڑے، چارا ذخیرہ کرنے کے 12 گودام اور بھوسا رکھنے کے چار چھپر ہیں ۔ یہ فارم ،چین کے معروف ڈیجیٹل میگا فیڈ-لاٹس میں سے ایک ہے۔ 2024 میں،اس فارم کو انٹرنیٹ آف تھنگز اور اے آئی ٹیکنالوجیز کے ساتھ مکمل طور پر اپ گریڈ کیا گیا، جس سے پورے صنعتی سلسلے کا احاطہ کرنے والا ایک مستعد انتظامی نظام تشکیل پایا، جس میں مویشیوں کا بندوبست کرنے اور ان کی نگرانی و دیکھ بھال کے لیے ایک کلاؤڈ پلیٹ فارم اور ایک بڑا ڈیٹا کمانڈ سینٹر شامل ہے۔
سینسرز مسلسل درجہ حرارت، نمی، امونیا کی سطح اور روشنی کی نگرانی کرتے ہیں۔ ہر مویشی کے کان پر دو الٹرا ہائی فریکوئنسی الیکٹرانک ٹیگ لگے ہوتے ہیں، جو مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ محفوظ کرتے ہیں۔ سمارٹ سکیلز وزن کو ٹریک کرتے ہیں، جب کہ ٹوٹل مکسڈ راشن (TMR) اور مرکزی باورچی خانے کا نظام، کنٹرولڈ پلیٹ فارم سے خوراک سے متعلق درست ہدایات فراہم کرتا ہے۔
آج، 10,000 مویشیوں کے اس فارم کا تمام کام، 20 سے بھی کم افراد پر مشتمل عملے کے ذریعے بخوبی چل رہا ہے، جس سے مزدوری اور سامان کی لاگت میں کمی آئی جب کہ فیڈ کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔
انسانی ہاتھوں کے ذریعے مویشیوں کو سنبھالنے سے لے کر ڈیٹا کے ذریعے ان کی نگرانی و دیکھ بھال کرنے تک، یہ فارم اس بات کا مظہر ہے کہ کس طرح ٹیکنالوجی، روایتی کیٹل فارمنگ کو تبدیل کرتے ہوئے چراگاہوں میں نئی روح پھونک رہی ہے۔



