
اسلام آباد میں منعقدہ چینی زبان و ثقافت کے تربیتی پروگرام کا ایک منظر۔(تصویر: چائنا کلچرل سینٹر اِن پاکستان)
10 ستمبر 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن) اسلام آباد میں 7 سے 9 ستمبر تک چینی زبان و ثقافت کے حوالے سے تین روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) اور پاکستان میں چائنا کلچرل سینٹر کے اشتراک سے منعقدہ پروگرام کا مقصد، چین اور پاکستان کے درمیان ثقافتی روابط، باہمی افہام و تفہیم اور عوامی سطح پر تبادلوں کو فروغ دینا تھا۔
" مشرقی شاہراہِ ریشم کی زبان - چین اور پاکستان کو جوڑنے والی ،مشترکہ ثقافت کی خوبصورتی کا جشن" کے موضوع پر منعقدہ اس پروگرام میں تعلیم، تحقیق اور ذرائع ابلاغ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے 47 افراد نے شرکت کی۔
پاکستان میں چینی سفارت خانے کے ثقافتی قونصلر، چن پھنگ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تفہیم اور عوامی روابط کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
آئی ایس ایس آئی کے چائنا پاکستان اسٹڈی سینٹر کے ڈائریکٹر طلعت شبیر نے تعارفی کلمات پیش کیے، جب کہ آئی ایس ایس آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین خالد محمود نے شرکا کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر چینی اور پاکستانی فریقوں کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔
تین روزہ تربیت کے دوران شرکا کو بنیادی چینی زبان اور روزمرہ استعمال کے جملوں کی تربیت دی گئی، جب کہ انہیں چینی کھانوں، ثقافتی ورثے اور روزمرہ زندگی کے مختلف پہلوؤں سے بھی متعارف کروایا گیا۔ عملی مشقوں کے ذریعے شرکا کو سیکھی گئی زبان کے استعمال کا موقع بھی ملا۔

چینی خطاطی کی عملی نشست میں شرکا روایتی چینی خطاطی کا تجربہ کر رہے ہیں۔ (تصویر: چائنا کلچرل سینٹر اِن پاکستان)
خطاطی کی عملی نشست میں شرکا نے روایتی چینی خطاطی اور برش کے استعمال کا تجربہ کیا، جب کہ چینی اور پاکستانی خطاطی کی روایات اور فنی پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکا کو چین کے روایتی تہواروں، ان سے وابستہ رسوم و رواج، کھانوں اور ثقافتی اہمیت سے بھی روشناس کروایا گیا۔ نشستوں کے دوران شرکا نے سوالات کیے اور اپنی ثقافتی روایات اور تجربات کا تبادلہ کیا۔

چینی زبان و ثقافت کے تربیتی پروگرام کے شرکا کا گروپ فوٹو۔ (تصویر: چائنا کلچرل سینٹر اِن پاکستان)



