• صفحہ اول>>ویڈیوز

    اسمارٹ گلاسز سے ایکسو اسکیلیٹنز تک: چین میں ٹیکنالوجی صارفین کے لیے نئی دلچسپیاں تخلیق کر رہی ہے

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-11-02

    2 نومبر 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن)چین کے مشہور پہاڑ تھائی کی چوٹی پر چڑھنا، اس کی انتہائی عمودی چڑھائی کی وجہ سے برداشت کا امتحان ثابت ہوتا ہے۔ تاہم اب سیاح، چڑھائی کے دوران توانائی بچانے اور اضافی طاقت فراہم کرنے والی ایکسو اسکیلیٹن ڈیوائسز استعمال کر رہے ہیں۔

    تھائی شان کلچرل ٹورازم گروپ کے نائب پارٹی چیف، وانگ حوجہ کا کہنا ہے کہ درمیانی عمر کے یا بزرگ سیاحوں کے لیے چوٹی تک پہنچنا مشکل ہوتا ہے۔ ایکسو اسکیلیٹن روبوٹس متعارف کروا کر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے ذریعے اس صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ساتھ ہی نوجوان سیاحوں کو بھی جدید ٹیکنالوجی کا تجربہ کرنے کا موقع مہیا کیا جا رہا ہے۔

    ابتدائی طور پر، اس علاقے میں 100 ایکسو اسکیلیٹن تعینات کیے گئے، جنہوں نے تین ماہ کے دوران 3,000 سے زائد سروس وزٹس ریکارڈ کیے اور 60 سال اور اس سے زیادہ عمر کے سیاحوں کی تعداد تمام صارفین کی تعداد کے نصف سے زیادہ تھی۔ بعد میں 400 ڈیوائسز مزید شامل کی گئیں۔ یہ تجربہ ظاہر کرتا ہے کہ کیسے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز عملی ضروریات کو پورا کر سکتی ہیں اور نئے صارفین کے لیے سہولیات فراہم کر سکتی ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے جو محض خصوصی آلات تھے وہ اب ایک سروس بن چکے ہیں، جسے سیاح کرایے پر لے کر کسی مشکل سرگرمی کو زیادہ آسان بنا سکتے ہیں۔

    ایسی مصنوعات میں بڑھتی ہوئی دلچسپی چین کی کھپت کے اعداد و شمار میں بھی دکھائی دیتی ہے۔ چین کی وزارتِ تجارت کے اعداد و شمار کے مطابق، 2026 کے قومی دن کی تعطیلات کے دوران یکم سے چھ اکتوبر تک، بڑے پلیٹ فارمز پر جسمانی طور پر ذہین روبوٹس کی فروخت میں سال بہ سال 130 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ اسمارٹ گلاسز کی فروخت دوگنا ہو گئی اور ایکسو اسکیلیٹن جیسے معاون آلات کی فروخت میں 12.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ رجحان سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں بھی واضح تھا۔

    3 اگست 2026۔ صوبہ گوانگ دونگ کے شہر شین زن میں، غیر ملکی سیاح اے آئی سے چلنے والے اسپورٹس کیمرہ گلاسز کی خریداری کر رہے ہیں۔ (شنہوا۔ لیانگ شو)

    3 اگست 2026۔ صوبہ گوانگ دونگ کے شہر شین زن میں، غیر ملکی سیاح اے آئی سے چلنے والے اسپورٹس کیمرہ گلاسز کی خریداری کر رہے ہیں۔ (شنہوا۔ لیانگ شو)

    شین زن کی میگا الیکٹرانکس مارکیٹ حوا چھیانگ بئے میں، جدید ٹیکنالوجی کے آلات کی خریداری کرنے والے غیر ملکی سیاحوں کی موجودگی اب یہاں کے معمولات میں شامل ہے جو کہ چین کی اسمارٹ ٹیکنالوجی مصنوعات میں بین الاقوامی سیاحوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا ثبوت ہے، جس کی عکاسی مارکیٹ کے اعداد و شمار میں بھی دیکھی جا سکتی ہے۔ شنہوا نیوز ایجنسی کے مطابق، 2026 کے پہلے سات ماہ میں حوا چھیانگ بئے میں اے آئی مصنوعات کی فروخت پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 55 فیصد سے زیادہ بڑھ گئی، جبکہ اے آئی گلاسز کی فروخت دوگنا ہو گئی۔

    اسمارٹ گلاسز، آواز کے تعامل، بصری شناخت اور ترجمے جیسی خصوصیات کو پہننے والی ڈیوائسز میں شامل کرتے ہوئے معلومات تک رسائی اور دنیا کے ساتھ تعامل کے نئے طریقے فراہم کرتے ہیں۔ غیر ملکی سیاحوں کے لیے، یہ سفر اور خریداری کے دوران زبان کی رکاوٹیں دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ دیگر صارفین کے لیے، بغیر ہاتھ لگائے معلومات تک رسائی روزمرہ کے کاموں کو زیادہ آسان بنا سکتی ہے۔

    انٹیلی جنٹ روبوٹس، صارفین کے لیے ایک اور قسم کا تجربہ تخلیق کر رہے ہیں جس کی مثال روبوٹ کتے ہیں جو تعامل کی ٹیکنالوجی کو تفریح اور دوستی کے ساتھ منسلک کرتے ہیں۔ صارفین ان کی طرف نہ صرف اس لیے متوجہ ہوتے ہیں کہ یہ جدید ٹیکنالوجی ہے بلکہ اس لیے بھی کہ یہ ان لوگوں کے لیے تعامل کا ایک متبادل طریقہ پیش کرتے ہیں جو روایتی پالتو جانور نہیں رکھ سکتے، خاص طور پر جنہیں ان سے الرجی ہوتی ہے۔

    ان مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مقبولیت چین کی ان وسیع تر کوششوں کی عکاس ہے جن کا مقصد تکنیکی جدت کو عملی ایپلیکیشنز اور معاشی ترقی کے نئے محرکات میں تبدیل کرنا ہے۔ انوویشن اینڈ ڈویلپمنٹ ریسرچ ڈپارٹمنٹ، ڈویلپمنٹ ریسرچ سینٹر آف دی اسٹیٹ کونسل کے نائب ڈائریکٹر دائی جیان جون نے چائنا اکنامک ٹائمز کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اے آئی مسابقت کی توجہ کا مرکز، بنیادی ماڈلز سے صنعتی ایپلیکیشنز کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔ چین کے پاس ایپلیکیشنز، خاص طور پر مینوفیکچرنگ میں منظر ناموں کا وسیع ذخیرہ ہے، جو ملک کی تکنیکی صلاحیتوں کو صنعتی طاقت میں بدلنے میں مددگار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تکنیکی جدت کو نئی معیاری پیداواری قوتوں میں تبدیل کرنے کے لیے، صنعتی استعمال کے منظرناموں اور ٹرمینل ڈیوائسز کو، اے آئی ٹیکنالوجیز کی ترقی کو آگے بڑھانا چاہیے۔

    جیسے جیسے روزمرہ زندگی میں اسمارٹ ٹیکنالوجیز کا اضافہ ہو رہا ہے ویسے ویسے یہ صارفین کے لیے نئے تجربات تخلیق کر رہی ہیں نیز متعلقہ خدمات اور صنعتوں کے لیے نئے امکانات بھی سامنے آ رہے ہیں۔

    ویڈیوز

    زبان