
10 نومبر 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن)حال ہی میں، صوبہ حونان کے شہر یوئے یانگ میں ہوا میں تیرتے ہوئے، ہوا سے بجلی بنانے کے دنیا کے پہلے نظام کی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل ہوئی۔ یہ نظام 4,000 میٹر کی بلندی پر کام کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے اور شہری ماحول میں یہ اس نظام کی پہلی آزمائش تھی۔ اس مظاہرے سے ظاہر ہوا کہ ٹیکنالوجی، ہوا سے توانائی حاصل کر کے اسے بجلی کی صورت میں گنجان آبادیوں تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
بیجنگ کی SAWES TO ONE ٹیکنالوجی کا تیار کردہ یہ نظام 67 میٹر لمبا، 40 میٹر چوڑا اور 23 میٹر اونچا ہے۔ یہ 4,000 میٹر کی بلندی تک پہنچ کر، 10 سے 35 کلو وولٹ تک کا وولٹیج پیدا کرتا ہے اور اس کی طے شدہ عملی مدت 20 سال ہے۔
Stratosphere Airborne Wind Energy System کہلانے والے اس نظام میں، ہیلیم گیس سے بھرا ہوا پلیٹ فارم بجلی بنانے والے ہلکے ماڈیولز کو کئی کلومیٹر بلندی تک لے جاتا ہے۔ وہاں یہ ماڈیولز مستحکم ہواؤں کو استعمال کرتے ہیں، جب کہ ان سے جڑی رسیاں بجلی کو زمین تک منتقل کرتی ہیں۔
کمپنی کے بانی اور چیف ایگزیکٹو دون تھیان روئی کے مطابق، شہری آزمائش کا مقصد اس بات کا جائزہ لینا تھا کہ نظام رہائشیوں اور مجمع کے قریب محفوظ اور قابلِ بھروسہ انداز میں کام کرتا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہروں میں بجلی کی کھپت بہت زیادہ ہے اور کمپنی مستقبل میں نظام کو مزید گنجان آبادی والے مقامات پر لگانا چاہتی ہے۔
بلندی پر موجود ہوائیں، توانائی کا ایک ایسا ذریعہ ہیں جن سے اب تک بہت کم استفادہ کیا گیا ہے۔ ان ہواؤں کے ممکنہ فوائد میں زیادہ تیز رفتار، نسبتاً مستقل بہاؤ اور توانائی کی زیادہ کثافت شامل ہیں۔ اس نظام کو زمین کی ضرورت نہیں پڑتی، اور یہ قابلِ تجدید بجلی کے لیے وولٹیج کی انتہائی بلند ترسیلی لائنیں بنانے کا خرچ کم کر سکتا ہے۔
چین کے قابلِ تجدید توانائی کے 15ویں پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے (2026-2030) میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے زیادہ مؤثر اور قابلِ اعتماد آلات کی تحقیق اور اہم پرزوں کی تیاری بہتر بنانے کی ہدایات شامل کی گئی ہیں۔ ان پرزوں میں پائیدار، کم قیمت بلیڈز، بہت بلند ٹاور اور جدید "فلوٹنگ فاؤنڈیشنز" شامل ہیں۔ منصوبے میں بلند فضا میں ہوا سے بجلی بنانے سمیت ونڈ پاور کی نئی ٹیکنالوجیز تلاش کرنے کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔



