• صفحہ اول>>ثقافت و سیاحت

    ٹیلز آف سٹیز: شی زانگ کی ثقافت کے آغاز و ارتقا کا گہوارہ، شان نان

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-11-10

    10 نومبر 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن)چین کے شی زانگ خود اختیار علاقے کے شہر شان نان کو، شی زانگ کے لوگوں کا آبائی وطن اور شی زانگ کی ثقافت کا گہوارہ مانا جاتا ہے۔ قدرتی مناظر سے مالا مال اس علاقے کی اوسط بلندی تقریباً 3,700 میٹر ہے۔ مقامی صنعتیں اس وسیع خطہ زمین میں قدرتی عجائبات، قدیم روایات، کمیونٹی سپورٹس اور ثقافتی سرگرمیوں کے ساتھ مل کر ایک ایسا علاقہ تشکیل دیتی ہیں جہاں بیک وقت صدیوں پرانا ورثہ اور جدید ترقی ہم آہنگ انداز میں نظر آتے ہیں۔

    "ہائی لینڈ ٹورازم" کے نئے امکانات کھولتے، پہاڑ اور جھیلیں

    یوم جونگ یوم کو جھیل، ایک متنوع سیاحتی تجربہ فراہم کرتی ہے جس میں انتہائی بلندی کی مہم جوئی اور روحانی ورثے کا گہرا ملاپ شامل ہے۔ لوریلا ویو ئنگ پلیٹ فارم (4,960 میٹر) اور پیرا گلائیڈنگ بیس (5,000 میٹر)، قدرتی حسن سے محبت کرنے والوں کو شاندار مناظر اور مہم جو افراد کے لیے یادگار تجربہ فراہم کرتے ہیں اور مقامی معیشت کو فروغ دیتے ہیں۔ اس کے برعکس، ایک خاموش جزیرے پر واقع ریتھو ٹیمپل، ایک پُرسکون ماحول فراہم کرتا ہے جو اپنی تنہائی اور روحانی روایات کے لیے جانا جاتا ہے۔اسے دنیا کا "تنہا ترین ٹیمپل" بھی کہا جاتا ہے۔

    یہ علاقہ انتہائی بلندی پر پرواز کے جوش و خروش اور ایک الگ تھلگ قدیم مندر کے پرسکون ماحول کا بہترین امتزاج پیش کرتا ہے جس کی وجہ سے سیاح اس کی طرف متوجہ ہوتے ہے۔

    قدیم دست کاریوں کا تحفظ: روایتی ورثے کو نئی زندگی دینا

    شان نان کا نسل در نسل منتقل ہوتا غیر مادی ثقافتی ورثہ، مقامی سیاحت و معیشت کی ترقی میں سرگرم کردار ادا کرتا ہے۔ جئے دہ شیو بانگ دیان بنائی اور جانانگ، لکڑی کی کندہ کاری جیسے روایتی ہنر بتدریج ترقی کرتے ہوئے صنعتوں کی شکل اختیار کر چکے ہیں؛ بانگ دیان کی مصنوعات اب بیرونِ ملک بھی فروخت ہوتی ہیں۔ قدیم رسومات کو برقرار رکھتے ہوئے تیرہ سو برس پرانا جیو حہ جو رقص اور شی زانگ اوپیرا جیسے فنون لطیفہ، مقامی لوگوں کے لیے آمدنی کا ذریعہ بھی ہیں اور سیاحوں کے لیے بھی باعثِ کشش ہیں۔ تربیت و شاگردی، باہمی تعاون کی تنظیموں اور نئے زمانے کے مطابق تبدیلیوں کی بدولت یہ قدیم روایات ثقافتی دولت کے ساتھ ساتھ پائیدار معاش کا وسیلہ بھی بنی ہوئی ہیں۔

    شان نان نے اپنے بُنائی، لکڑی کی کندہ کاری، رقص اور اوپیرا جیسے بھرپور ورثے کو ثقافتی سیاحت اور لوگوں کی خوش حالی کا مضبوط محرک بنا دیا ہے۔

    کھیلوں کے ذریعے یک جہتی: سطح مرتفع کی برادریوں کو یکجا کرنا

    شان نان شہر کا "2026 Pomegranate Seed Cup" گھاس کے میدانوں میں ہونے والا فٹ بال کا دعوتی ٹورنامنٹ ہے جو نہ صرف مختلف قومیتوں اور خطوں بلکہ دوسرے ممالک کے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی ایک ہی میدان میں مقابلے اور میل جول کا موقع دیتا ہے۔ ہر مقابلے کے ساتھ لوگوں کے درمیان قربت بڑھتی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ واضح کرتا ہے کہ تمام قومیتوں کے لوگ انار کے دانوں کی مانند ایک دوسرے سے جڑ کر متحد ہو سکتے ہیں۔ قصبوں اور دیہات میں ورزش اور تفریحی کھیلوں کا رواج بڑھ رہا ہے؛ ان سرگرمیوں سے اجتماعی زندگی میں رونق آتی ہے اور مقامی کھیلوں کی سہولتوں، تفریحی سرگرمیوں اور ان سے وابستہ صنعتوں کو ترقی دینے کے نئے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔

    سطح مرتفع میں صنعتوں کا فروغ: مقامی وسائل سے مشترکہ خوشحالی تک

    شان نان کی جئے با ٹاون شپ کی وادی یارلونگ زانگ بو کے محفوظ جنگلات اور جنگلی پھولوں کی کثرت سے استفادہ کرتے ہوئے یہاں ماحول دوست شہد کی مکھیوں کی پرورش شروع کی گئی ہے۔ موسم بدلتے رہتے ہیں اور ہر موسم میں یہاں جنگلی اور پہاڑی پھول کھلتے ہیں، اسی وجہ سے منفرد اور اعلیٰ معیار کا شہد حاصل ہوتا ہے۔ یہ کاروبار اب مکھیوں کی پرورش سے آگے بڑھ کر شہد کی تیاری، تشہیر، فروخت اور دیہاتی انداز کے سیکھنے کےتجربات تک پھیل چکا ہے اور سیاح بھی یہاں آ کر اس عمل کو دیکھ سکتے ہیں اور اس کا تجربہ کر سکتے ہیں۔

    شان نان کی بلند وادیاں، انگور اگانے والے دنیا کے بلند ترین مقام کے طور پر مشہور ہیں۔ سطح مرتفع کے ماحول میں کئی ماہ تک کھل کر پڑنے والی تیز دھوپ، انگوروں کو خاص خوشبو اور ذائقہ بخشتی ہے۔ سانگری کاؤنٹی میں ایک مکمل صنعتی سلسلہ انگور کی کاشت، تازہ انگور کی پروسیسنگ، مشروبات کی تیاری اور تفریحی سیاحت کو باہم منسلک کرتا ہے جس سے مقامی روزگار کے امکانات بڑھتے ہیں۔

    خطے کی جھیلیں اور پہاڑ سیاحوں کو متوجہ کرتے ہیں، دستکاری اور رقص ثقافتی روایات کو قائم رکھتے ہیں اور فٹ بال، مقامی برادریوں میں اتحاد پیدا کرتا ہے۔ شان نان ان قدرتی اور ثقافتی اثاثوں کی مدد سے حساس پہاڑی ماحول کی حفاظت، سیاحت کے ذریعے غیر مادی ورثے کی تجدید، عوامی کھیلوں اور ثقافتی خدمات کی توسیع اور شہد کی مکھیوں کی پرورش و بلند مقام پر مشروب سازی جیسی صنعتوں کی ترقی پر کام کر رہا ہے۔ اس کی کوشش کا مقصد، مقامی خوشحالی کو گہرا کرنا اور لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔

    ویڈیوز

    زبان