10 نومبر 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن)حال ہی میں پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ کے زیر اہتمام منعقدہ "انٹرنیشنل کلچر ڈے" کے موقع چین میں پاکستان کے متعین کردہ نئے سفیر ،سید علی اسد گیلانی نے پیپلز ڈیلی آن لائن سے گفتگو میں ایک مرتبہ پھر چین میں اپنی خدمات فراہم کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ،پاک- چین تعلقات کے مستقبل کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دورِ سفارت میں دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط، ثقافتی تبادلوں اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے تاکہ پاکستان اور چین کی روایتی دوستی مزید مضبوط ہو سکے۔
رواں سال پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے علی اسد گیلانی نے کہا کہ پاک -چین تعلقات کی بنیاد، باہمی اعتماد پر قائم ہے۔ یہ تعلقات نہ صرف اعلیٰ قیادت کی سطح پر مضبوط رہے ہیں بلکہ مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے بھی آگے بڑھتے رہے ہیں۔ ان کے لیے مستقبل کا اہم سوال یہ ہے کہ اس دیرینہ دوستی کو نئی نسل تک کیسے منتقل کیا جائے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو کیسے مزید فروغ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں زبان ، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں میں ایک بڑی رکاوٹ تھی۔ تاہم چینی زبان کی تعلیم کے فروغ، طلبہ اور سیاحوں کی آمدورفت میں اضافے اور نئی ٹیکنالوجیز کے استعمال سے یہ رکاوٹ بتدریج دور ہو رہی ہے۔
چین ، سفیر محترم کے لیے ایک خاص اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے اپنی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا، "چین وہ جگہ ہے جہاں سے میں نے اپنے سفارتی سفر کا آغاز کیا تھا۔"تقریباً 25 سال قبل وہ پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ایک افسر کی حیثیت سے چینی زبان سیکھنے کے لیے چین آئے تھے، بعد ازاں انہوں نے چین میں کام بھی کیا۔ اگرچہ اس کے بعد وہ مختلف ممالک میں تعینات رہے، لیکن چینی دوستوں کے ساتھ ان کے قریبی روابط ہمیشہ برقرار رہے۔
علی اسد گیلانی نے کہا کہ "چین واپس آنا میرے لیے ایسا ہے جیسے میں اپنے گھر واپس آ گیا ہوں۔"چین کی ترقی اور یہاں آنے والی تبدیلیوں پر انہوں نے دلی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "بحیثیت پاکستانی، چین میں ہونے والی ترقی اور چینی عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری دیکھ کر مجھے بے حد خوشی ہوتی ہے۔"ان کا کہنا تھا کہ ایک اچھے اور سچے دوست کی طرح وہ چین کی ترقی کو اپنی ترقی سمجھتے ہیں۔
علی اسد گیلانی کے مطابق پاکستان اور چین کی زبانیں مختلف ہونے کے باوجود دونوں ممالک کی ثقافتی روایات اور معاشرتی اقدار میں بہت سی مماثلتیں پائی جاتی ہیں۔بزرگوں کا احترام، ان کی دیکھ بھال، محنت، مہمان نوازی اور دوستی کو اہمیت دینا ایسی مشترکہ اقدار ہیں جو دونوں معاشروں میں نمایاں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چین میں رہتے ہوئے انہیں کبھی اجنبیت محسوس نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں دنیا تقسیم، عدم استحکام اور گمراہ کن بیانیوں جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ ایسے حالات میں مختلف تہذیبوں کے مابین مکالمے، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینا نہایت ضروری ہے۔انہوں نے کہا، "باہمی افہام و تفہیم اور ایک دوسرے کا احترام ہی پُرامن بقائے باہمی کا راستہ ہے۔"
ان کی رائے میں، گلوبل سولائزیشن انیشئیٹو مختلف ثقافتوں کو قریب لانے کے لیے دور اندیشی پر مبنی اقدام ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ اقدام کامیاب ہوگا جو کہ مختلف ممالک اور خطوں کے عوام کے مابین فاصلے کم کرنے نیز باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔
سید علی اسد گیلانی کا کہنا تھا کہ ثقافتی تبادلوں کا مقصد صرف ایک دوسرے کی زبان اور رسم و رواج سے واقفیت حاصل کرنا نہیں، بلکہ براہِ راست میل جول کے ذریعے ایک دوسرے کی سوچ اور طرزِ عمل کو سمجھنا بھی ہے۔ جب لوگ ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے لگتے ہیں تو ان کے درمیان دوستی بڑھتی ہے، غلط فہمیاں کم ہوتی ہیں اور تعلقات مزید مضبوط ہوتے ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کو سمجھنے اور قریب آنے کے نئے مواقع میسر آئے ہیں۔ان کی رائے میں ، ٹیکنالوجی کے ذریعے لوگ ایک دوسرے کے زیادہ قریب ہوئے ہیں اور دو تین دہائیاں پہلے کے مقابلے میں آج ، مختلف ممالک کے عوام کے درمیان رابطے قائم کرنا کہیں زیادہ آسان ہو گیا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ نئی ٹیکنالوجیز اور ذرائع ابلاغ کو مثبت انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ باہمی رابطوں اور افہام و تفہیم کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
ذرائع ابلاغ کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے سفیرِ محترم نے صحافیوں سے کہا، "میں آپ سب کو اپنی ٹیم سمجھتا ہوں۔"انہوں نے امید ظاہر کی کہ میڈیا کے تعاون اور مختلف مواصلاتی پلیٹ فارمز کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی آگاہی اور سمجھ بوجھ کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔
چین میں اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے حوالے سے علی اسد گیلانی نے کہا کہ پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے چین میں خدمات انجام دینا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ پاک -چین تعلقات ان کے دل کے بہت قریب ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ یہ تعلقات مزید مضبوط ہوں اور مسلسل آگے بڑھتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ عوامی روابط، تعلیم، تجارت، دفاع اور دیگر تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ "دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانا اور ان کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو مزید فروغ دینا میرے اہم مقاصد میں شامل ہے۔"



