
چھین تھاو کی صوبہ گوئے جو کے شہر چھیان شی کے کمیونٹی سینٹر میں لی گئی تصویر۔(تصویر بشکریہ چھین تھاو)
10 نومبر 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن)اکتوبر کی ایک خنک صبح، غیر ملکی ولاگرز، صحافیوں اور انفلوئنسرز کا ایک گروپ صوبہ گوئے جو کے شہر بی جئے ، چھیان شی کے قدیم گاؤں حوا وو پہنچا۔ کبھی دشوار گزار پہاڑوں پر آباد اس گاؤں، نے بحالی اور ترقی کا ایک منفرد سفر طے کیا تھا ۔ پہاڑی آبادیوں کو نئے گھروں میں منتقل کرنے کے ساتھ مقامی وسائل اور روایتی ہنر کو ذریعہ معاش بنا کر یہاں غربت کے خاتمے کی راہ ہموار کی گئی۔
مہمان ابھی گاؤں کے دلکش قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو ہی رہے تھے کہ اچانک ایک پُرجوش آواز سنائی دی، ’’ہیلو فرینڈز، حوا وو میں خوش آمدید!‘‘
یہ ایک مقامی نوجوان تھا، جو روانی سے انگریزی بول رہا تھا۔ اس کے پُراعتماد انداز، چمکتی آنکھوں اور پُرتپاک مسکراہٹ نے سب کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔ اس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مہمانوں کو مقامی لیس دار چاولوں سے بنی روایتی سوغات پیش کی ۔دوران گفتگو ،اس نوجوان کے لہجے کا جوش اور چہرے کی خوشی اس کے اپنے گاؤں سے گہری محبت کی عکاسی کر رہی تھی۔ آئیے، آپ کو اس نوجوان، چھین تاؤ، سے متعارف کرواتے ہیں۔
یہ 23 سالہ چھین تھاو ہے ، جو کارل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ 2 اپریل 2003 کو صوبہ گوئے جو کے شہر چھیان شی میں پیدا ہونے والا چھین، اس گھرانے کا منجھلا بچہ ہے اس سے بڑا ایک بھائی اور ایک چھوٹی بہن ہے ۔ بڑے بھائی کے ساتھ مل کر کی جانے والی شرارتیں ، دوستوں کے ساتھ گزارے جانے والے دن ،ویڈیو گیمز اور ان بچوں کے بڑے بڑے خواب، چھین کی سب سے خوبصورت یادیں ہیں۔

چھین تھاو اپنے والد چھین اور والدہ یانگ کے ساتھ۔
چھین نے ابتدائی تعلیم چھیان شی ہی سے حاصل کی ۔ بچپن میں اس کا دل پڑھائی کے مقابلے میں کھیل کود میں زیادہ لگتا تھا کیونکہ اسے گھوم پھر کر کام کرنا اور سیکھنا زیادہ بھاتا تھا۔ چھین کے والد ٹرک ڈرائیور جب کہ والدہ ایک کنڈر گارٹن میں استانی ہیں ۔ چھین کا کہنا ہے کہ اس کے والدین زیادہ تعلیم یافتہ تو نہیں تھے لیکن وہ تعلیم کی اہمیت سمجھتے تھے اور بچوں کو بہتر مواقع دینے کے لیے بے حدمحنت کرتے تھے۔
چھین بتاتے ہیں کہ بچپن ہی سے انہیں جنگلات، قدرتی مناظر اور ماحولیات سے متعلق دستاویزی فلمیں دیکھنے کا شوق تھا۔ اسی شوق کے باعث اس نے ماحولیات کا ماہر بننے اور کرۂ ارض کے تحفظ کے لیے کام کرنے کا خواب دیکھا۔ ، چھین کا کہنا ہے کہ آج جب پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو محسوس ہوتا ہے کہ حوا وو جیسے خوبصورت گاؤں میں رہتے ہوئے مقامی لوگوں کے ساتھ دریائے وو جیانگ کے تحفظ کے لیے کام کرنا، کسی حد تک میرے بچپن کے خواب کی تعبیر ہے۔

چھین تھاؤ پیکنگ یونیورسٹی میں ساتھی طلبہ کے ساتھ عملی کام کر رہے ہیں۔
چھین کے لیے ہائی سکول ان کی زندگی کا ایک اہم موڑ ثابت ہوا ۔ ان کو ایسے ہم جماعت ملے جن کے درمیان رہ کر انہوں نے مستقل مزاجی اور ثابت قدمی کی اہمیت سیکھی اور اسی محنت کے نتیجے میں پیکنگ یونیورسٹی میں آرکیالوجی میں داخلہ حاصل کیا۔ پھر کالج کے دوران انہیں چین کے مختلف علاقوں سے آئے دوست ملے اور ان کی دلچسپی مارکسزم کے نظریات کی جانب ہونے لگی تو انہوں نے مارکسی نظریے کو اپنا بنیادی مضمون بنا لیا اور یونیورسٹی کے شعبۂ مارکسزم میں داخلہ لے لیا۔
یونیورسٹی کی تعلیم کے دوران بیجنگ جیسے جدید اور بڑے شہر میں رہنے کا تجربہ چھین کے لیے بے حد یادگار تھا لیکن ان کا کہنا ہے کہ چھوٹے شہر سے بیجنگ جیسے بڑے شہر اور پیکنگ یونیورسٹی جیسے معتبر تعلیمی ادارےسے فارغ التحصیل ہونے تک کے اس سفر میں انہوں نے سیکھا کہ کبھی کبھی طویل نظر آنے والا راستہ ہی بہترین راستہ ہوتا ہے۔ زندگی میں کچھ بھی ایک ہی رات میں حاصل نہیں ہوتا، ہمیں اتار چڑھاو دیکھنے پڑتے ہیں بس ہمیں ہار نہیں ماننی چاہیے اور "شارٹ کٹ" نہیں ڈھونڈنے چاہئیں۔

چھین تھاو ، حواوو گاوں کے مقامی افراد کے ساتھ کمیونٹی معاملات پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
چھین تاؤ کا بچپن چھیان شی میں گزرا، اسی لیے انہیں اس علاقے سے گہرا لگاؤ ہے اور یہی محبت انہیں پیکنگ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد بیجنگ جیسے بڑے شہر میں ایک شاندار نوکری کرنے کی بجائے واپس اپنے گھر لے آئی۔ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے پیچھے ایک وجہ تو والدین کے پاس رہنے کی خواہش تھی لیکن اس کا اصل محرک ایک بڑا مقصد تھا، صدر شی جن پھنگ نے محققین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ’’اپنے مقالے مادر وطن پر لکھیں"۔ یعنی محققین کاکام ملک کی حقیقی ضروریات کے مطابق ہونا چاہیے۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور چینی حکومت کی پالیسیز ، میرے آبائی شہر کی محبت نیز میرے گھر والوں اور دوستوں کی حوصلہ افزائی کے باعث میں اپنا گاؤں چھوڑ کر پیکنگ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ۔ اسی لیے میں واپس آیا، تاکہ اپنے علم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے آبائی شہر کی ترقی میں مدد دوں ۔ مجھ پر ،میری مٹی اور میرے لوگوں کا حق ہے اور یہ کوشش ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے چینی عوام کی اجتماعی جدوجہد کا بھی حصہ ہے۔

چھین غیر ملکی سیاحوں کو ، رواں انگریزی میں میاو دستکاریوں کے بارے میں معلومات دے رہے ہیں۔
چھین کا ماننا ہے کہ دیہی ترقی کے ساتھ قدرتی ماحول کا تحفظ اور روایتی رسوم و ثقافت کا تحفظ بھی ضروری ہے۔ حواوو کی منفرد دلکشی اور ثقافتی روایات چین اور دنیا بھر کے لوگوں تک پہنچنی چاہئیں اور اس کے لیے غیر ملکی افراد تک بات پہنچانا ضروری ہے ۔ بیجنگ میں غیر ملکیوں کی ایک بڑی تعداد ہے اور یہیں سے چھین نے انگریزی زبان سیکھنے کا اآغاز کیا۔ انہوں نے کوئی کورس نہیں کیا ، بس فلمز ، ویڈیو گیمز اور انگریزی ادب کے ذریعے بنیادی انگریزی سیکھنے کا سلسلہ شروع کیا اور پھر بیجنگ میں قیام کے دوران ہی خود اعتمادی کے ساتھ غیر ملکی افراد کے ساتھ بات چیت شروع کی ۔اس اعتماد اور بات چیت کی مشق نے انہیں انگریزی بولنے میں اتنا رواں کردیا کہ حواوو میں آئے ہوئے غیر ملکی افراد نے بھی پوچھا کہ کیا چھین نے پیکنگ یونیورسٹی سے انگریزی زبان میں ڈگری لی ہے ؟ چھین کے نہ کہنے پر وہ نہ صرف حیران رہ گئے بلکہ چھین کے شوق اور لگن سے متاثر بھی ہوئے ۔ ایک اطالوی سیاح نے چھین کو کہا ، آپ ایک مثالی نوجوان ہو، پر خلوص اور بےلوث آپ کو تو کوئی اعزاز ملنا چاہیے۔چھین تھاو نے ایک اطمیہنان بھری مسکراہٹ کے ساتھ کہا میرے لیے یہ بہت بڑا اعزاز ہے کہ پارٹی کی ہدایات میرے ساتھ ہیں اور میں اپنا علم ، اپنی زمین کو سیراب کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہوں ۔ یہاں کے لوگوں کی زندگیوں میں آنے والی خوشحالی اور اس علاقے کے ثقافتی ورثے کی دنیا بھر میں پہچان میرے لیے سب سے زیادہ باعثِ اطمینان ہے
چھین تھاو جیسے نوجوان ، کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں جو جانتے ہیں کہ تعلیم کی اصل معنویت دوسروں کی خدمت میں ہے۔ پر عزم، اپنے وطن اور اپنے لوگوں سے گہری محبت رکھنے والا چھین ، اپنے بچپن کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے چھوٹے چھوٹے قدم اٹھاتا یہ نوجوان ، بڑی منزلوں تک پہنچنے کے لیے اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔



