26 نومبر (پیپلز ڈیلی آن لائن) 25 نومبر کو پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی شینزو-24 کے عملے کے ہمراہ چین کےتھیان گونگ خلائی سٹیشن میں داخل ہونےوالے پہلے غیر ملکی خلاباز بن گئے۔
چین کے صدر شی جن پھنگ اور پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے دونوں ممالک کے خلابازوں کی مشترکہ خلائی پرواز کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ یہ تعاون ،خلائی سائنس و ٹیکنالوجی میں چین کی غیر معمولی کامیابیوں اور خلا کے پُرامن استعمال کے لیے اس کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تعاون بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس سے یقیناً پاک -چین دوستی مزید مضبوط ہوگی اور دونوں ممالک کے درمیان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری نئی بلندیوں تک پہنچے گی۔

وزیراعظم پاکستان کے دفتر کی سوشل میڈیا پوسٹ کا سکرین شاٹ۔
25 نومبر کو پاکستان کے وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ستاروں سے آگے کے سفر کا آغاز کر دیا ہے اور ذیشان علی اس سفر پر 24 کروڑ پاکستانیوں کے خواب اپنے ساتھ لے کر گئے ہیں۔ انہوں نے اس تاریخی مشن میں پاکستان کو شریک کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خلا کی کھوج میں دونوں ممالک کا مل کر آگے بڑھنا ،پاک- چین دوستی کی وسعت اور گہرائی کا عکاس ہے۔
پاکستانی روزنامہ ’’دی نیشن‘‘ نے اسی روز ’’ستاروں کی جانب‘‘ کے عنوان سے اپنے اداریے میں لکھا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر چین نے اپنے خلائی سٹیشن کی تجربہ گاہ کے دروازے ایک پاکستانی پے لوڈ سپیشلسٹ کے لیے کھول دیے ہیں۔ یہ دونوں ملکوں کی گہری دوستی کا عملی اظہار ہے۔ اداریے کے مطابق، مدار میں چینی ساتھیوں کے ساتھ مل کر تجربات کرنے سے پاکستان کے خلائی اداروں اور محققین کو عملی تجربہ حاصل ہوگا نیز سیٹلائٹ انجینئرنگ اور مائیکرو گریویٹی پر تحقیق جیسے شعبوں میں ملک کی صلاحیت بڑھے گی۔
پاکستانی ٹی وی چینل ’’آج نیوز‘‘ کی اردو ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک مضمون میں کہا گیا کہ راکٹ لانچ کرنے کا اپنا انفرادی نظام قائم کرنے کے لیے طویل مدتی سرمایہ کاری درکار ہوتی ہے۔ چین کے ساتھ تعاون سے پاکستانی خلابازوں کو خصوصی تربیت حاصل کرنے کا موقع ملا ہے اور پاکستانی جامعات کے لیے بھی چین کے خلائی اسٹیشن پر تحقیق کی راہ کھلی ہے۔ مضمون کے مطابق، اگر اس مشن سے حاصل ہونے والے سائنسی اعداد و شمار اور تکنیکی تجربے کو پاکستان میں تعلیم، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں بروئے کار لایا جائے تو مزید لوگ اس خلائی تعاون سے مستفید ہو سکیں گے۔
پاکستانی روزنامہ ’’دی نیوز انٹرنیشنل‘‘ نے اپنے اداریے ’’پاکستان کے لیے ایک بڑا قدم‘‘ میں لکھا کہ پاکستانیوں کی ایک نسل دوسرے ممالک کو راکٹ خلا میں بھیجتے اور چاند پر اترتے دیکھ کر جوان ہوئی۔ ان میں سے بہت سوں نے بچپن میں ایسے ہی خواب دیکھے تھے، مگر بڑے ہو کر انہیں لگا کہ اپنے خواب پورے کرنے کے لیے انہیں وطن سے دور جانا پڑے گا۔ ذیشان علی کی پرواز نے ان نوجوانوں کو اپنے ہی ملک میں رہنے کی ایک اور وجہ دی ہے۔ اداریے میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ مزید لوگوں کو بھی ایسے مواقع ملیں گے۔
ریڈیو پاکستان کی اردو ویب سائٹ کے مطابق، خیبر پختونخوا کے متعدد تعلیمی اداروں میں طلبہ نے بڑی سکرینز اور ٹیلی ویژن کے سامنے جمع ہو کر ذیشان علی کو خلا کی جانب روانہ ہوتے دیکھا۔ طلبہ نے "پاکستان زندہ باد" اور "پاک چین دوستی زندہ باد" کے نعرے بلند کیے۔


پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کی سوشل میڈیا پوسٹس کے سکرین شاٹس۔
پاکستان اور چین کے اس تاریخی خلائی تعاون کا عالمی سوشل میڈیا پر بھی خوب چرچا ہوا۔ وقاص نامی ایک صارف نے لکھا کہ انسان بردار خلائی جہاز میں جگہ پانا بے حد بیش قیمت موقع ہوتا ہے ، چین نے اس جہاز میں یہ نشست ایک پاکستانی خلاباز کو دی ۔ دوستی کے اس جذبے کو پیسوں میں نہیں تولا جا سکتا۔ ایک اور صارف نے اس دوستی کو " قراقرم سے کہکشاوں تک" کا سفر قرار دیا۔



