• صفحہ اول>>سائنس و ٹیکنالوجی

    خلا میں قیام کے دوران، پاکستانی خلاباز کیا کھائیں گے

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-11-27

    27 نومبر 2026 (پیپلز ڈیلی آن لائن) خلا میں، شینزو-23 اور شینزو-24 کے عملے کی ملاقات ہوئی اور یہ چھ خلاباز جلد ہی مدار میں مل کر کھانا کھائیں گے۔ تحقیقی ٹیم نے حلال ضوابط اور پاکستان کے غذائی معمولات کو مدنظر رکھتے ہوئے کھانے تیار کیے ہیں، تاکہ بین الاقوامی خلا بازوں کو مدار میں مختلف ثقافتوں سے ہم آہنگ غذائیت مہیا کی جا سکے۔

    مقامی غذائی معیار اور خلا میں پہلے سے موجود غذائی ذخیرے کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقی ٹیم نے مختلف غذائی اجزا منتخب کر کے ان میں بہتری کی اور پاکستانی خلابازوں کے لیے 100 سے زیادہ اقسام کی خوراک پر مشتمل خوراک کا خصوصی ذخیرہ تیار کیا جب کہ خلا میں پاکستانی خلاباز کے طعام کے لیے خصوصی طور پر نہاری اور قورمے سمیت 7 پاکستانی کھانے پر تیار کیے گئے۔

    چین کے خلابازوں کے تحقیقی و تربیتی مرکز کی اہلکار، چھین جون لی کا کہنا ہے کہ کھانوں کی تیاری میں سب سے پہلے توانائی اور غذائیت کے معیار کو پورا کیا گیا ہے اور مدار میں قیام کے ابتدائی دنوں میں ہلکے اور آسانی سے ہضم ہونے والی غذا کی ضرورت کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے، ساتھ ہی ہلدی اور مسالے والے سالن کے مقامی ذائقوں کو مد نظر رکھتے ہوئے چنوں کے سالن اور بٹر چکن جیسے کھانے بھی تیار کیے گئے ہیں۔ متعلقہ غذائی مصنوعات مکمل حلال پروڈکشن لائن پر تیار کی گئیں اور خلابازوں کی پسندیدگی یقینی بنانے کے لیے انہیں کئی مرحلوں میں چکھا اور ترکیبوں کو بہتر بنایا گیا ہے۔

    تحقیق و ترقی کے ابتدائی مرحلے میں ٹیم نے پاکستان کی روایتی دودھ والی چائے تیار کرنے کا منصوبہ بنایا تھا تاہم خلابازوں نے چین میں قیام کے دوران چین کی کالی چائے اور چاول پسند کیے اور مدار میں اس طرح کے اجزا شامل کرنے کی تجویز دی، جس کے بعد ان کے مینو میں تبدیلی کی گئی۔

    شینزو-23 اور شینزو-24 مشنز کے 6 خلاباز، جب ایک مشترکہ کھانا کھائیں گے تو پکوان دونوں عملوں کے پسندیدہ کھانوں میں سے منتخب کیے جائیں گے جب کہ معمول کے اوقات میں خلاباز اپنی پسند سے کھانے منتخب کر سکیں گے۔

    چھین جون لی نے کہا کہ یہ مشن، مختلف غذائی عادات کے حامل خلابازوں کے لیے چین کی جانب سے خلا میں غذائی ضروریات کی تکمیل کی پہلی مکمل عملی مشق ہے۔ ابتدائی تحقیق، اجزا کے انتخاب، غذائی مصنوعات کی تیاری اور مینو ڈیزائن سے لے کر مدار میں کھانے کے انتظامات تک، ایک ایسا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے جسے دہرایا جا سکتا ہے اور یہ طریقہ کار مستقبل میں چینی خلائی اسٹیشن پر بین الاقوامی غذائی تعاون کو معیاری بنیاد فراہم کرے گا۔

    ویڈیوز

    زبان