• صفحہ اول>>چین پاکستان

    ذیشان علی  کے ساتھ  پاکستانی قوم کی امیدیں بھی خلا کی بلندیوں تک پہنچی ہیں۔وفاقی وزیر احسن اقبال

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2026-11-27

     26 نومبر کو پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے میں ذرائع ابلاغ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ، جب ذیشان علی ،چینی خلائی جہاز میں سوار ہو کر خلا کی جانب بلند ہوئے تو ان کے ساتھ پوری پاکستانی قوم کی امیدیں بھی بلند ہوئیں ۔ پیپلز ڈیلی آن لائن کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ چین کے خلائی سٹیشن پر پاکستانی خلاباز کی آمد، نہ صرف پاک- چین تعلقات کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان سائنسی و تکنیکی تعاون کو مزید فروغ دینے، اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے اور مستقبل کے لیے باصلاحیت افراد کی تربیت کا ایک نیا نقطہ آغاز بھی ہے۔

    26 نومبر کو پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال (بائیں طرف) میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں۔ (رمشا- پیپلز ڈیلی آن لائن)

    26 نومبر کو پاکستان کے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال (بائیں طرف) میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں۔ (رمشا- پیپلز ڈیلی آن لائن)

    "احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاک چین خلائی تعاون سے پاکستان کو اقتصادی طور پر بھی بہت فائدہ ہوگا ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے اور سپیس ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے میں اہم معاونت فراہم کرتی ہے۔خلائی ٹیکنالوجی کی مدد سے ہمیں قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع مل سکتی ہے، موسمیاتی آفات کے دوران امدادی کارروائیوں کو بہتر بنایا جا سکتا ہے، قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں اور لوگوں کے ذرائع معاش کا تحفظ کیا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے خوراک کے تحفظ کے حوالے سے نشاندہی کی کہ زرعی پیداوار پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے پیش نظر ،پاکستان کو ایسے نئے بیج تیار کرنے کی ضرورت ہے جو موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کر سکیں۔ خلا میں بائیو ٹیکنالوجی اور زراعت سے متعلق ہمارے دیگر تجربات مختلف فصلوں کے بیجوں کی تیاری میں مدد دیں گے اور غذائی خود کفالت کے حصول اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے کیونکہ اگر ہمارے پاس خلائی علوم کا علم اور سیٹلائٹس نہیں ہوں گے تو مستقبل کی اقتصادی ترقی شدید متاثر ہوگی۔ احسن اقبال کے مطابق، پاک -چین خلائی تعاون انتہائی بروقت ہے، جو پاکستان کو نہایت اہم علم اور تکنیکی صلاحیتیں فراہم کرے گا اور عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے بھرپور استفادہ کرنے میں مدد دے گا۔

    احسن اقبال کی رائے میں اس خلائی مشن کی ایک اور اہمیت پاکستانی نوجوانوں میں سائنس اور خلائی تحقیق کا شوق پیدا کرنا ہے۔ اس مشن سے پاکستانی نوجوانوں کو یہ پیغام بھی گیا ہے کہ ان میں سے کوئی بھی کل کو خلاباز بن سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستانی نوجوانوں میں سے مزید موجد، خلائی سائنس دان اور دیگر شعبوں کے سائنسی ماہر ابھر کر سامنے آئیں گے نیز یہ ہمارے نوجوانوں کو سائنس اور خلا سے جوڑنے کی ایک نئی تحریک کا آغاز بھی ہو سکتا ہے۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے ذریعے ،پاکستان میں محققین، سائنس دانوں اور رہنماؤں کی ایک نئی نسل تیار ہوگی جو ملک کی مستقبل کی ترقی کے لیے باصلاحیت افرادی قوت فراہم کرے گی۔

    ہم ہمیشہ کہتے تھے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ہے، لیکن اب ہم کہیں گے کہ پاک- چین دوستی آسمانوں سے بھی بلند ہے۔ شاہراہوں سے انفارمیشن سپر ہائی ویز اور اب خلا تک جانے والے راستوں کی تعمیر تک، دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا دائرہ مسلسل وسیع ہو رہا ہے۔

    مستقبل کے حوالے سے احسن اقبال کی توقعات اس سے بھی کہیں آگے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چین کے تجربات اور تکنیکی معاونت سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان اپنے چاند کی تحقیق کے پروگرام کو آگے بڑھائے گا ۔ انہوں نے پورے یقین کے ساتھ کہا کہ " جس طرح ذیشان علی چینی خلابازوں کے ساتھ زمین کے مدار میں پہنچے ہیں، اسی طرح مجھے اس دن کا انتظار ہے جب پاکستانی اور چینی خلاباز اپنے اپنے قومی پرچم تھامے ایک ساتھ چاند پر اتریں گے۔"

    ویڈیوز

    زبان