11 اپریل کو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے یومیہ پریس کانفرنس میں امریکہ کے چین پر 145 فی صد ٹیرف کے بیان کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین نے بار ہا ٹیرف کے معاملے پر اپنے پختہ موقف کا اظہار کیا ہے۔ ٹیرف جنگ یا تجارتی جنگ میں کوئی فاتح نہیں ہے۔ چین ٹیرف جنگ کرنا نہیں چاہتا اور نہ ہی ڈرتا ہے ۔ لین جیئن نے اس بات پر زور دیا کہ اگر امریکہ واقعی بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنا چاہتا ہے تو اسے انتہائی دباؤ ڈالنا اور لاپرواہی سے کام لینا چھوڑ دینا چاہیے۔ چین اسے کبھی قبول نہیں کرے گا۔ کوئی بھی بات چیت برابری، احترام اور باہمی فائدے پر مبنی ہونی چاہیے۔ اگر امریکہ ٹیرف وار یا تجارتی جنگ شروع کرنے پر اصرار کرتا ہے تو چین آخر تک لڑے گا۔ چین ایک ذمہ دار ملک ہے۔ ہم نہ صرف اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے بلکہ بین الاقوامی قوانین اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے امریکی غنڈہ گردی کے رویے کے خلاف جوابی اقدامات کرتے ہیں۔ دنیا کے تمام ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور بین الاقوامی عدل و انصاف کو برقرار رکھنے کے لیے امریکی غنڈہ گردی اور استبداد کے سامنے سمجھوتہ اور رعایت کا کوئی راستہ نہیں ہے۔