بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) میں چین کے مستقل مندوب لی سونگ، روس کے مستقل مندوب اولیانوف اور ایران کے مستقل مندوب نجفی نے 24 تاریخ کو آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل گروسی سے مشترکہ طور پر ملاقات کی تاکہ موجودہ صورتحال میں آئی اے ای اے کی جانب سے ایرانی جوہری مسئلے کے سیاسی اور سفارتی تصفیے کے عمل میں کردار ادا کرنے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کرسکے۔
تینوں ممالک کے نمائندوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کے جوہری مسئلے کے حل کے لئے سیاسی اور سفارتی روابط اور باہمی احترام پر مبنی بات چیت ہی واحد موثر اور قابل عمل آپشن ہے ۔ انہوں نے ایرانی جوہری مسئلے کے بارے میں سیاسی اور سفارتی کوششوں کو مثبت اور تعمیری انداز میں فروغ دینے میں آئی اے ای اے کے پیشہ ورانہ اور منفرد کردار کو مکمل طور پر ادا کرنے کی حمایت کی۔ چین اور روس آئی اے ای اے کے ساتھ مذاکرات اور تعاون کو مضبوط بنانے میں ایران کی حمایت کرتے ہیں۔
لی سونگ نے نشاندہی کی کہ چین جوہری ہتھیار وں کی تیاری نہ کرنے کے ایران کے عزم کو سراہتا ہے، جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے ایران کے حق کا احترام کرتا ہے ، مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے اس کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لئے امریکہ سمیت تمام فریقوں کے ساتھ ایران کے مذاکرات کی حمایت کرتا ہے جو بین الاقوامی جوہری عدم پھیلاؤ کے نظام کے تحفظ اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لئے سازگار ہے۔