کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی سنٹرل کمیٹی کے سیاسی بیورو کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن اور نائب وزیر اعظم ڈنگ شو شیانگ نے 3 تاریخ کو بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز کے اجلاس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی نمائندوں سے اجتماعی ملاقات کی۔
ڈنگ شو شیانگ نے کہا کہ 2024 کے "شنگھائی تعاون تنظیم+" آستانہ سمٹ میں، صدر شی جن پھنگ نے مشترکہ طور پر ایک بہتر شنگھائی تعاون تنظیم گھرانہ تعمیر کرنے کے لیے سلسلہ وار اہم تجاویز اور بڑے اقدامات پیش کیے۔ یہ سال شنگھائی تعاون تنظیم کا "چین کا سال" ہے، چین اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تمام فریقین کے ساتھ ترجیحی بنیاد پر ترقی پر توجہ مرکوز کرنے، مالیاتی تعاون کو مضبوط بنانے، مقامی کرنسیوں میں تصفیہ کے حصے کو بڑھانے، ڈیجیٹل انکلوسیو فنانس کو فروغ دینے اور شنگھائی تعاون تنظیم ڈویلپمنٹ بینک کے قیام کے لیے فعال طور پر کام کرنے کو تیار ہے تاکہ خطے کے ممالک کی ترقی کو مضبوط رفتار فراہم کی جا سکے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل یرمیک بایف نے غیر ملکی نمائندوں کی جانب سے خطاب کرتے ہوئے چین کی شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت کے دوران کی گئی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ وہ چین کے ساتھ مل کر "شنگھائی سپرٹ" کو برقرار رکھتے ہوئے، علاقائی خوشحالی اور ترقی کو فروغ دیں گے۔