31 جولائی کو چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے یومیہ پریس کانفرنس کے دوران ،شنگھائی تعاون تنظیم کے موجودہ چیئرمین ملک کی حیثیت سے چین کی صدارتی مدت کے اہم نتائج اور تھیان جن سمٹ کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال جولائی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے موجودہ چیئرمین ملک کی حیثیت سنبھالنے کے بعد سے، چین نے صدارتی ذمہ داریوں کو مستعدی سے انجام دیتے ہوئے مثبت پیش رفت اور نتائج حاصل کیے ہیں۔
پہلا، تعاون کے تمام شعبوں میں مزید گہرائی آئی ہے۔ چینی جانب سے موجودہ چیئرمین ملک کی حیثیت سے 100 سے زائد سرگرمیاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ دوسرا، تنظیمی میکانزم مزید بہتر ہو گیا ہے۔ تیسرا، " شنگھائی سپرٹ" مزید نمایاں ہوئی ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم نے بین الاقوامی اور علاقائی اہم مسائل پر مضبوط آواز اٹھائی ہے، کثیر جہتی تجارتی نظام کی مضبوطی سے حفاظت کی ہے، طاقت کے بے جا استعمال کی شدید مذمت کی ہے، اور انصاف اور مساوات کے تحفظ کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی مضبوط آواز بلند کی ہے۔
گو جیا کھون نے کہا کہ ایک ماہ بعد، شنگھائی تعاون تنظیم کا سمٹ چین کے شہر تھیان جن میں منعقد ہوگا، جس میں 20 سے زائد ممالک کے رہنما اور 10 بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان شرکت کریں گے۔ یہ ایس سی او کے قیام کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا سمٹ ہوگا۔