صوبہ شائن شی کے شہر آن کانگ میں ، پلش کے کھلونوں کی فیکٹری کا دورہ کرنے والا ایک غیر ملکی صحافی کھلونوں کی تصویر لے رہاہے ۔
28 اگست 2025 (پیپلز ڈیلی آن لائن)(پلش یا پلشی ،مخمل جیسا ایک کپڑا ہے جس کے روئیں مخمل سے زیادہ لمبے ہوتے ہیں )
صوبہ شائن شی میں چنبا کی پہاڑیوں میں گھرا شہر آن کھانگ، جہاں پلش سے بنے کھلونوں کی ایک انتہائی محنت طلب لیکن ماحول دوست صنعت نے ترقی پائی ہے ۔اس شہر میں پلش کےکھلونے بنانے والی800 سے زیادہ کمپنیز ہیں جن کی سالانہ پیداواری مالیت 7.5 بلین یوان (تقریباً 1.04 بلین ڈالر) سے زائد ہے۔
آن کھانگ کی ہان یین کاؤنٹی میں پلش کے کھلونے بنانے والی ایک کمپنی جو پلش کے حقیقت کے قریب ترین جانور بناتی ہے جو کہ جلد ہی، چین اور دنیا بھر میں بڑے وائلڈ لائف پارکس کی دکانوں میں موجود ہوں گے۔کمپنی کے جنرل مینیجر لانگ وو کے مطابق ان کی کمپنی پلش کے جو جانور اور کارٹون کردار بناتی ہے ان کا 70 فی صد ، 40 سے زیادہ ممالک اور خطوں میں برآمد کیا جاتا ہے۔لانگ وو کا تعلق ، صوبہ دونگ گوان کے شہر گوانگ دونگ سے ہےاور انہوں نے آن کھانگ کی اس صنعت کی ترقیاتی صلاحیت کا ادراک کرتے ہوئے 2019 میں یہاں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا۔ان کا کہنا ہے کہ فیکٹری کی درستگی و بحالی سے لے کر صنعتی مراعات، بھرتی اور تربیتی حمایت تک مقامی پالیسیز نے انہیں کاروبار کے آغاز میں ہی مکمل اعتماد دیا۔
آج، لانگ وو ، آن کھانگ میں چار کمپنیز اور 36 کمیونٹی فیکٹریز چلا رہے ہیں، جو روزانہ 100,000 سے زیادہ کھلونے تیار کرتی ہیں۔ لانگ وو کا یہ کاروبار اب سالانہ 200 ملین یوان سے زیادہ کی پیداوار دے رہا ہے اور اس کے ذریعے 2,600 سے زیادہ لوگوں کو ملازمتیں ملی ہیں۔
آن کھانگ میں،ان کھلونوں کے پہلے کاروبار کے آغاز کے بعد سے ہی ، آن کھانگ نے پالیسی حمایت کو مضبوط کیا، صنعتی سہولیات کو بہتر بنایا اور کئی معروف کمپنیز کو اپنی جانب متوجہ کیا نیز کئی کمیونٹی فیکٹریز سامنے آئیں۔ صنعت کو مزید فروغ دینے کے لیے آن کھانگ نے ڈیزائن، تھوک میں خام مال کی دستیابی ، مصنوعات کے اجرا و نمائش میں رہنمائی ، نیز ای کامرس اور لاجسٹکس کے لیے پانچ خصوصی مراکز قائم کیے، جس سے ایک صنعتی کلسٹر تشکیل پایا۔
گاؤ گوانگ لان نایک 38 سالہ خاتون ہیں جو پلش کے کھلونے بنانے والی ایک مقامی فیکٹری میں کام کرتی ہیں۔ وہ 2012 میں، اپنے خاندان کے ہمراہ ، چنبا کے پہاڑوں میں آباد ایک چھوٹے سے گاؤں سے کمیونٹی میں منتقل ہوئیں تو ایک مستحکم ملازمت تلاش کرنا ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج تھا۔آن کھانگ شہر میں کمپنیز، کمیونٹی فیکٹریز اور گھریلو ورکشاپس کو یکجا کر کے بنایا جانے والا کھلونوں کی صنعت کا ترقیاتی ماڈل ، گاو اور ان جیسے دیگر لوگوں کے لیے نئے مواقع فراہم کر رہا تھا۔
جب 2021 میں کھلونے بنانے والی ایک کمپنی نے ان کے علاقے میں فیکٹری کا آغاز کیا تو گاؤ نے سب سے پہلے شمولیت اختیار کی ۔ اب وہ ایک ماہر کارکن بن چکی ہیں اور ہر ماہ 4,000 یوان سے زائد کما رہی ہیں اور آج ان جیسے کئی اور افراد اپنے ہاتھ سے کما کر اہنے حالات کو سنوار رہے ہیں۔
2019 سے آن کھانگ پلش سے بنے کھلونوں کے تخلیقی ڈیزائن کے ایک بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی بھی کر رہاہے، جو جدت اور ہنر کے تبادلے کا ایک شاندار پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ جیتنے والے کئی ڈیزائنز کو پراڈکٹس کا روپ دیا گیا ہے جن میں سے کچھ بہترین فروخت ہونے والی پراڈکٹس بن چکے ہیں۔