حال ہی میں، دوسری جنگ عظیم کے دوران جاپانی جارحیت پسند فوج کے چینی عوام پر کیے گئے مظالم کے متعدد نئے ثبوت سامنے آئے ہیں، جو جاپانی حملے کے دوران سنگین جرائم کی حقیقت کو ظاہر کر تے ہیں۔ اس حوالے سے 28 اگست کو چینی وزارت دفاع کے ترجمان جانگ شیاو گانگ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ جاپانی فوج کی جارحیت اور نسل کشی کے جرائم نے چینی عوام نیز ایشیائی ممالک کے عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ خاص طور پر چین پر جاپانی حملے کے دوران، یونٹ 731 نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چینی عوام کے خلاف بدنام زمانہ "بائیو کیمیکل" جنگ شروع کی، جو بنی نوع انسان کے خلاف ایک سنگین جرم تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ تاریخ ایک ایسے ثبوت کی طرح ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور نہ کبھی مٹایا جا سکتا ہے۔ ہم جاپان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے تاریخی مجرمانہ افعال کا گہرائی سے جائزہ لے، جنگ کے دوران چھوڑے گئے کیمیائی ہتھیاروں کے خاتمے کے عمل میں تیزی لائے، اور جلد از جلد چینی عوام کو ان ہتھیاروں سے پاک زمین واپس کرے۔