30 اگست کی سہ پہر چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ سے2025 شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے چین میں موجود کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن مانیت نے ملاقات کی۔ شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور کمبوڈیا کو مضبوط دوستوں کی حیثیت سے طویل المیعاد نقطہ نظر اپنانا چاہئے اور دونوں ممالک کے رہنماؤں کی پرانی نسل کی جانب سے تشکیل دیے گئے چین۔ کمبوڈیا دوستی کے راستے پر غیر متزلزل طور پر عمل کرنا چاہئے۔ شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین کمبوڈیا کی آزادانہ ترقیاتی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے چین۔کمبوڈیا بین الحکومتی رابطہ کمیٹی کے کردار کو بروئے کار لانے کا خواہاں ہے۔ دونوں فریقوں کو آن لائن جوا اور وائر فراڈ جیسے سرحد پار جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن کرنا چاہئے اور دونوں ممالک کے عوام کی جان و مال کا تحفظ کرنا چاہئے۔
ہن مانیت نے کہا کہ بین الاقوامی صورتحال چاہے کتنی ہی تبدیل کیوں نہ ہو، کمبوڈیا چین کے ساتھ دوستانہ پالیسی پر مضبوطی سے عمل کرے گا، ایک چین کے اصول پر سختی سے کاربند رہے گا اور چین کی جانب سے پیش کردہ تینوں گلوبل انیشی ایٹوز کی بھرپور حمایت کرے گا۔ کمبوڈیا چین کے ساتھ مل کر دونوں فریقوں کے بنیادی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی حمایت کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کا منتظر ہے۔