30 اگست کی سہ پہر چینی صدر شی جن پھنگ سے 2025 شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس اور جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمتی جنگ اور فسطائیت مخالف عالمی جنگ کی فتح کی 80 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے چین کے شہر تھیان جن میں موجود نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی نے ملاقات کی۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور نیپال کے درمیان نسل در نسل دوستانہ ہمسائیگی چلی آ رہی ہے۔چین نیپال کے ساتھ مل کر روایتی دوستی کو جاری رکھتے ہوئے ترقی و خوشحالی کے لئے چین نیپال اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ اولی نے کہا کہ نیپال چین تعلقات تمام آزمائشوں پر پورا اترے ہیں اور چین کے ساتھ تعاون سے نیپال کی معاشی اور سماجی ترقی کو نمایاں فروغ ملا ہے۔ نیپال ایک چین کے اصول پر سختی سے کاربند ہے، "تائیوان کی علیحدگی" کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، اور کسی بھی طاقت کو چین کے مفادات کو نقصان پہنچانے کے لئے نیپالی سرزمین کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا. نیپال چین کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے اور مشترکہ طور پر "بیلٹ اینڈ روڈ" کی تعمیر کا خواہاں ہے۔