صوبہ ہونان کی ہان شو کاؤنٹی، میں ڈونگ ٹنگ جھیل کے مغربی جانب نیشنل نیچر ریزرو میں مہاجرپرندوں کی چند اقسام کو دیکھا گیا ۔ ( جو گوہوا/چائنا ڈیلی ڈاٹ کام)
10 ستمبر 2025 (پیپلز ڈیلی آن لائن)پرندوں کے تحفظ کو بڑھانے کی مشترکہ کوشش کے تحت، جنگلات اور چراگاہوں کی قومی انتظامیہ نے 16 دیگر حکومتی اداروں کے ساتھ پرندوں کے غیر قانونی شکار اور سمگلنگ کو روکنے کے لیے ایک تین سالہ مہم کا آغاز کیا ہے۔
اس مہم کا آغاز ،چین میں مہاجر پرندوں کی جنوب کی جانب ہجرت سے ہواہے۔ اس ہجرت کا دورانیہ عموماً ستمبر سے نومبر تک ہوتا ہے۔ انتطامیہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ،مہم کے دوران پرندوں کے تحفظ کو بڑھانے، غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرنےاور عوامی آگہی کوفروغ دینے کے تین اہم اقدامات پر سب سے زیادہ توجہ دی جائے گی۔
اس سلسلے میں خاص طور پر مہاجر پرندوں کے چین سے گزرنے والے 4 فضائی راستوں اور ملک بھر میں 1,140 اہم علاقوں میں گشت اور نگرانی کو بڑھایا جائے گا۔ پرندوں کے غیر قانونی شکار کو سختی سے روکنے کے ساتھ ساتھ ان کے گھونسلوں اور ماحول کا بھی تحفظ کیا جائے گا۔
غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف اس اقدام کے تحت، قانون نافذ کرنے والے افسران پرندوں کے شکار اور سمگلنگ کے خلاف تیزی سےکارروائیاں کریں گے، جس میں بنیادی توجہ جرائم کے منظم گروہوں کے خاتمے اور قومی طور پر محفوظ پرندوں کی اقسام سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام پر دی جائے گی۔
چین میں پرندوں کی 1,505 اقسام ہیں، جو دنیا کی کل تعداد کا تقریباً 6/1 ہیں، جس کی وجہ سے یہ دنیا میں پرندوں کے وسائل سے بھرپور ملک قرار دیا جاتا ہے، ان میں 800 سے زیادہ اقسام مہاجر پرندوں کی ہیں۔مہاجر پرندوں کے 9 بڑے فضائی راستوں میں سے چار چین سے گزرتے ہیں، جس میں چین کے تقریباً تمام بری اور بحری علاقے شامل ہیں۔