
22اکتوبر (پیپلز ڈیلی آن لائن)18 اکتوبر کو مشرقی چین کے شہر جِنگ دہ جین میں ، چائنا جِنگ دہ جین انٹرنیشنل سیرامک ایکسپو 2025 کا آغاز ہوا۔ جِنگ دہ جین کو 'چینی مٹی کے برتنوں کا دارالحکومت' کہا جاتا ہے ۔ 140,000 مربع میٹر پر محیط اس پانچ روزہ نمائش میں اٹلی، جرمنی اور روس سمیت 30 سے زائد ممالک کے نمائش کنندگان اور 1,000 سے زائد ملکی اور غیر ملکی خریدار شرکت کر رہے ہیں ۔ نمائش میں آٹھ موضوعاتی نمائشی زونز ہیں جن میں روایتی شاہکاروں سے لے کر جدید ڈیزائنز تک، سیرامک انڈسٹری کے تمام پہلووں کو پیش کیا گیا ہے۔ منتظمین کے مطابق، ایکسپو میں فورمز، سرمایہ کاری کے فروغ کی کانفرنسز اور خریداروں کے لیے میچ میکنگ ایونٹس جیسی سرگرمیاں بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔ اس سال کے ایڈیشن کی خاص بات، پہلے گلوبل سیرامک کارنیوال کا آغاز ہے جو چینی مٹی کے برتنوں کی ثقافت کو شہری زندگی کے رنگوں میں ڈھالتا ہے۔

جِنگ دہ جین کے 72 ممالک میں 180 سے زائد شہروں کے ساتھ شراکت دارنہ تعلقات ہیں۔ 2004 میں شروع ہونے والی یہ نمائش بین الاقوامی ثقافتی تبادلے، چین مٹی کے برتنوں کی تجارت اور عالمی صنعت کی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے۔
گزشتہ سال، جِنگ دہ جین کی مٹی کے برتنوں کی صنعتی پیداوار ی مالیت 93 ارب یوان (تقریباً 13.1 ارب امریکی ڈالر) سے زائد رہی، جس میں سالانہ 9 فیصد سے زیادہ کی ترقی ہوئی ہے جب کہ پورسلین مصنوعات 80 سے زائد ممالک اور علاقوں میں برآمد کی گئیں۔



