مقامی وقت کے مطابق 25 اور 26 اکتوبر کو کوالالمپور میں چین-امریکہ تجارتی مشاورتی مذاکرات منعقد ہوئے۔ مذاکرات کے بعد چینی اور غیر ملکی میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں چین کے بین الاقوامی تجارتی مذاکرات کے نمائندے اور نائب وزیر تجارت لی چھینگ گانگ نے کہا کہ دونوں فریقوں نے اہم تجارتی معاملات پر ابتدائی اتفاق رائے حاصل کیا ہے اور اگلے مرحلے میں وہ اپنے اپنے ملکی منظوری کے طریقہ کار کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
لی چھینگ گانگ نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران چین-امریکہ تجارتی تعلقات میں کچھ اتار چڑھاؤ اور عدم استحکام پیدا ہوا ہے جس پر پوری دنیا کی نظریں مرکوز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مئی میں جنیوا میں چین-امریکہ تجارتی مذاکرات کے بعد سے چین نے دونوں ممالک کے رہنماؤں کی متعدد ٹیلی فونک بات چیت میں طے پانے والے اتفاق رائے کی سختی سے پاسداری کی ہے، تجارتی مشاورتی مذاکرات میں ہونے والے اتفاق رائے کو ایمانداری سے اور مکمل طور پر نافذ کیا ہے اور مشکل سے حاصل ہونے والے نسبتاً مستحکم چین-امریکہ تجارتی تعاون کے تعلقات کو محفوظ بنانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین یہ اتار چڑھاؤ اور عدم استحکام دیکھنا نہیں چاہتا ۔
لی چھینگ گانگ نے کہا کہ تجارتی مشاورتی مذاکرات کے حالیہ دور میں چین اور امریکہ کی تجارتی ٹیموں نے باہمی احترام اور مساوات پر مبنی مکالمہ برقرار رکھا۔ مستقبل میں دونوں فریق مزید بات چیت اور تبادلہ خیال کو فروغ دیں گے تاکہ چین-امریکہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم اور صحت مند بنانے کے لیے فعال کوششیں کی جا سکیں۔