• صفحہ اول>>سیاست

    چین کا کھلے پن کے فروغ میں نیا اقدام ، ویزہ فری رسائی میں مزید توسیع

    (پیپلز ڈیلی آن لائن)2025-11-04
    چین کا کھلے پن کے فروغ میں نیا اقدام ، ویزہ فری رسائی میں مزید توسیع

    4نومبر(پیپلز ڈیلی آن لائن) 3 نومبر کو چین کی نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن نے اعلان کیا ہے کہ چین اپنے 240 گھنٹے کے ویزا فری ٹرانزٹ پروگرام میں مزید بندرگاہوں کو شامل کر رہا ہےاور 40 سے زائد ممالک کے لیے یکطرفہ ویزا استثنی کے انتظامات کو 31 دسمبر 2026 تک توسیع دی جائے گی۔ ویزا فری ٹرانزٹ پروگرام میں شامل کی جانے والی نئی بندرگاہوں میں گوانگ جو، جوہائی کی ہنگ چن اور جونگشان، ہانگ کانگ-جوہائی-مکاؤ پل اور گوانگ جو-شن جن-ہانگ کانگ ایکسپریس ریل لنک کا ویسٹ کولون سٹیشن شامل ہیں۔

    یہ نئی پالیسی،بدھ 5 نومبر سے نافذ العمل ہوگی جس کے بعد چین میں 240 گھنٹے کے ویزا فری ٹرانزٹ بندرگاہوں کی تعداد 60 سے بڑھ کر 65 ہو جائے گی۔

    نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق چین میں داخلے کے 55 اہل ممالک کے وہ مسافر جو مخصوص معیار پر پورا اترتے ہیں، صوبائی سطح کے ان 24 علاقوں میں کسی بھی بندرگاہ کے ذریعے داخل ہو سکتے ہیں اور بغیر ویزا کے 240 گھنٹے یا 10 دن تک ملک میں رہ سکتے ہیں اور اس کے بعد کسی تیسرے مقام کی جانب روانہ ہو سکتے ہیں ۔

    ان اقدامات کے مطابق، تیانجن، نانجنگ، چونگ چنگ اور دیگر شہروں میں واقع کل 10 بین الاقوامی ہوائی اڈے ان بندرگاہوں کی فہرست میں شامل کیے جائیں گے جہاں غیر ملکی شہریوں کے لیے سرحدی چیکنگ کے بغیر 24 گھنٹے براہِ راست ٹرانزٹ کی اجازت ہوگی۔

    نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن نے یہ بھی اعلان کیا کہ 20 نومبر سے، چین کے لیے غیر ملکی مسافر آمد سے پہلے اپنے انٹری کارڈز آن لائن پر کر سکیں گے۔مسافروں کو چیکنگ پوائنٹس پر فراہم کردہ الیکٹرانک آلات کا استعمال کرتے ہوئے بھی یہ کارڈز پر کرنے کی سہولت ہوگی تاہم وہ کاغذ کے روایتی انٹری کارڈز کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں۔

    اسی روز، چینی وزارت خارجہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ چین 40 سے زائد ممالک بشمول فرانس، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈز اور سپین کے لیے اپنے یکطرفہ ویزا-فری اقدامات کو 31 دسمبر 2026 تک بڑھائےگا۔ توسیع سے پہلے کچھ ممالک کے شہریوں کے لیے موجودہ ویزا-فری پالیسی 31 دسمبر 2025 تک ہے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ کے مطابق ویزا-فری سکیم میں سویڈن کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ سکیم 10 نومبر 2025 سے 31 دسمبر 2026 تک نافذ العمل ہوگی۔

    چین کی جانب سے یہ اقدامات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے اہم اجلاس میں اگلے پانچ سالوں کے لیے اقتصادی اور سماجی ترقی کے منصوبے کی تشکیل کے لیے مرکزی کمیٹی کی سفارشات کو اپنایا گیا ہے۔ماؤ ننگ کے مطابق نئے اقدام کا مقصد سی پی سی اجلاس کے رہنما اصولوں پر عمل درآمد کرنا، دنیا کے ساتھ اعلیٰ سطحی کھلے پن کی پالیسی کو فروغ دینا اور چین اور دیگر ممالک کے مابین عملے کے تبادلے کو آسان بنانا ہے۔

    نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن کے اعداد و شمار کے مطابق اس سال کی تیسری سہ ماہی میں، غیر ملکی شہریوں نے ویزا فری سفری پالیسیز کے تحت چین میں 7.246 ملین ٹرپس کیے جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں 48.3 فیصد کا اضافہ ہے اور یہ ملک میں غیر ملکی شہریوں کے تمام تر داخلوں کا 72.2 فیصد بنتا ہے۔

    زبان