امریکہ کے پینٹاگون کی تازہ ترین رپورٹ نے چین-بھارت تعلقات پر بےجا تبصرہ کیا ہے۔ اس حوالے سے ایک سوال کے جواب میں 25 دسمبر کو چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جئین نے پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکی رپورٹ میں چین کی دفاعی پالیسی کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ چین اور دوسرے ممالک کے تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے، تاکہ اپنی عسکری برتری کو قائم رکھنے کے لیے بہانہ بنایا جا سکے۔ چین اس کی سخت مخالفت کرتا ہے۔ ترجمان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ چین بھارت کے ساتھ تعلقات کو اسٹریٹجک سطح اور طویل مدتی نقطۂ نظر سے دیکھتا اور نمٹتا ہے، اور بھارت کے ساتھ باہمی تعلقات کی صحت مند اور مستحکم ترقی کے لیے مل کر کوشش کرے گا ۔ چین اور بھارت کے درمیان سرحدی مسئلہ دونوں ممالک کے درمیان معاملہ ہے۔ موجودہ چین-بھارت سرحدی صورتحال عمومی طور پر مستحکم ہے اور باہمی رابطے کے ذرائع ہموار ہیں۔ چین اس معاملے میں دخل اندازی پر متعلقہ ممالک کی سخت مخالفت کرتا ہے۔