6جنوری (پیپلز ڈیلی آن لائن)5 جنوری کو بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چینی صدر شی جن پھنگ نے آئرلینڈ کے وزیر اعظم مائیکل مارٹن سے ملاقات کی ۔
ملاقات کے دوران شی جن پھنگ نے کہا کہ باہمی احترام،مساوات اور مشترکہ کامیابی، چین -آئرلینڈ تعلقات کی طویل مدتی مستحکم ترقی کے لیے قابل قدر تجربات ہیں۔ چین، آئرلینڈ کے ساتھ سٹریٹجک روابط کو مضبوط کرنے، باہمی سیاسی اعتماد کو گہرا کرنے اور عملی تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچ سکے اور چین-یورپی یونین تعلقات کو تقویت ملے ۔ شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ 2012 میں چین-آئرلینڈ کے باہمی مفادات پر مشتمل سٹریٹیجک شراکت داری کے بعد، دوطرفہ تجارتی حجم چار گنا بڑھ چکا ہے، جب کہ باہمی سرمایہ کاری کی ترقی متوازن رہی ہے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ آج کی دنیا میں دھونس دھمکی کا طرزِ عمل ،بین الاقوامی نظم و نسق کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔ تمام ممالک کو دوسرے ممالک کے عوام کے منتخب کردہ ترقیاتی راستوں کا احترام کرنا چاہیے اور بین الاقوامی قانون کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری کرنی چاہیے، انہوں نے زور دیا کہ اس سلسلے میں بڑی طاقتوں کو قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔شی جن پھنگ کا کہنا تھا کہ چین اور آئرلینڈ دونوں کثیرالجہتی اور بین الاقوامی عدل و انصاف کی حمایت کرتے ہیں ۔ دونوں ممالک کو بین الاقوامی امور میں ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانا چاہیے،مشترکہ طور پر اقوام متحدہ کی بالادستی کو برقرار رکھنا چاہیے اور ایک زیادہ منصفانہ اور مساویانہ گلوبل گورننس سسٹم تشکیل دینا چاہیے۔رواں سال کی دوسری ششماہی میں آئرلینڈ یورپی یونین کی صدارت سنبھالے گا اور چین کو امید ہے کہ آئرلینڈ چین - یورپی یونین تعلقات کی مثبت اور مستحکم ترقی میں تعمیری کردار ادا کرےگا۔
مائیکل مارٹن نے کہا کہ آئرلینڈ ایک چین کے اصول پر سختی سے کاربند ہے اور باہمی مفادات کے حامل تعاون کے لیے سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی امور میں چین کے ناگزیر اور اہم کردار، اقوامِ متحدہ کی بالادستی کو قائم رکھنے اور عالمی امن کو فروغ دینے میں چین کے مثبت کردار کی تعریف کی۔
آئرش وزیر اعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، بائیو میڈیسن، قابل تجدید توانائی، مصنوعی ذہانت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے کا خواہش کا بھی اظہار کیا۔
آئر لینڈ کے وزیر اعظم 4 سے 8 جنوری تک چین کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں۔
